امریکہ نے کیریبئن میں اضافی فوجی دستے اور خصوصی طیارے تعینات کردیے

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ نے اس ہفتے کیریبین خطے میں اضافی فوجی دستے اور خصوصی آپریشنز میں استعمال ہونے والے طیارے تعینات کردیے ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل نے نام ظاہر نہ کرنے والے امریکی حکام اور پروازوں کی نگرانی کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کم از کم دس طیارے جو خصوصی فوجی کارروائیوں میں استعمال ہوتے ہیں، اور ایک سی-17 فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ جو تقریباً 100 اہلکاروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، خطے میں پہنچا دیا گیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ان طیاروں کے ذریعے فوجی اہلکار اور عسکری ساز و سامان منتقل کیا گیا، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

واشنگٹن کراکس پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کر رہا۔ اسی جواز کے تحت امریکہ نے کیریبین میں ایک بڑا بحری جنگی بیڑا بھی تعینات کر رکھا ہے، جس کی قیادت طیارہ بردار بحری جہاز جیرالڈ آر فورڈ کر رہا ہے، جبکہ ایک جوہری آبدوز اور 16 ہزار سے زائد فوجی اہلکار بھی اس میں شامل بتائے جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر سے اب تک امریکہ کم از کم 20 کشتیوں کو تباہ کرچکا ہے اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں 80 سے زائد افراد کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *