[]
مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق، فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف قابض صیہونی رجیم کے وحشیانہ جرائم اور غزہ کے ایک ہسپتال پر حملے کے بعد شباب المقاومہ کے عالمی محاذ کا اجتماع اس بار قم میں حرم حضرت معصومہ س اپنا اجلاس منعقد کیا گیا۔
اس اجتماع کا آغاز قم میں حضرت معصومہ کے حرم میں دنیا بھر کی 100 سے زائد قومیتوں کے نوجوانوں کی موجودگی میں قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا۔
شباب المقاومہ کی کال پر اس اجتماع میں شریک جوانوں نے فلسطین، حزب اللہ، لبنان اور ایران کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور پرجوش انداز میں “مرگ بر امریکہ”، “مرگ بر اسرائیل”، “ھیھات من الذلہ” کے نعرے لگاتے ہوئے غاصب صیہونی رجیم کے وحشیانہ مظالم کے خلاف نفرت اور اپنی بیزاری کا اظہار کیا۔
اس کانفرنس میں بحرین کے شیعہ رہنما شیخ عیسیٰ قاسم نے بھی شرکت کی۔
قابل ذکر ہے کہ اس بین الاقوامی کانفرنس میں آذربائیجان، افریقہ، پاکستان اور دنیا کے بعض دیگر ملکوں کے مزاحمتی محاذ کی متعدد شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمتی محاذ کی حمایت کا اعلان کیا۔
کانفرنس میں شریک بچے فلسطینی بچوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لیے فلسطینی پرچم اور غزہ کے مظلوم بچوں کی پینٹنگز اپنے ساتھ لائے تھے۔
فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے اس حمایتی اجتماع میں حاضرین نے اعلان کیا کہ وہ مقبوضہ علاقوں میں صیہونی جارحیت کے خلاف بیت المقدس کی آزادی کے لئے لڑنے کو ہمہ دم تیار ہیں۔
اس دوران رہبر معظم انقلاب کے بین الاقوامی امور کے مشیر علی اکبر ولایتی کے اس کانفرنس کے لیے بھیجے گئے پیغام کو پڑھ کر سنایا گیا۔ جس میں کہا گیا کہ غاصب صیہونی رجیم کے جرائم کی مذمت کے سلسلے میں مسلمان عوام اور آزادی کے متلاشیوں کے مظاہرے قابض رجیم کے لئے ایک تباہ کن طمانچہ ہوں گے جو اسرائیل کو نفرتوں کے طوفان میں ڈبو دیں گے۔
اس اجتماع سے ایران میں فلسطین کی اسلامی جہاد کے نمائندے ناصر ابو شریف اور تحریک حماس کے نمائندے خالد قدومی نے بھی خطاب کرتے ہوئے غزہ کی جنگ کے تازہ ترین حالات اور دشمنوں کے مزاحمت کو تباہ کرنے کے منصوبوں اور سازشوں کی وضاحت کی۔
فلسطینی عوام کی جانب سے مزاحمتی گروہوں کے ان نمائندوں نے روضہ مبارک حضرت معصومہ (س) کے نمائندے کو فلسطینی مزاحمتی شال پیش کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کا فلسطین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام ایرانی قوم کی غیرمتزلزل حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
اس بین الاقوامی کانفرنس کے آخری خطیب معروف عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین علی رضا پناہیان تھے۔ کانفرنس کے اختتام پر حماس اور اسلامی جہاد کے فلسطینی نمائندوں کو حضرت معصومہ کے روضہ مبارک کا پرچم ہدیہ کیا گیا۔