[]
امراوتی: آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ریاست کے11 کھلاڑیوں کو جنہوں نے ایشین گیمس میں میڈلس جیتے ہیں، تہنیت پیش کی۔
چیف منسٹر نے ان کھلاڑیوں میں 4.29 کروڑ کے نقدی مراعات تقسیم کئے۔ شطرنج کے کھلاڑی کونیرو ہمپی،کرکٹر بی انوشا اور اتھیلیٹ جیوتی ایراجی نے آج سی ایم کیمپ آفس میں جگن سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر جگن نے کھلاڑیوں کی ستائش کی جنہوں نے ایشین گیمس میں اپنی محنت سے میڈلس جیت کرریاست اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔
یہ گیمس،چین میں منعقد ہوئے ہیں۔ کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر جگن نے کہا کہ ریاستی حکومت، کھیل کود کو اولین ترجیحی دے رہی ہے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ حکومت ایسے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کرے گی جو قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں میڈلس حاصل کرتے ہیں۔
آندھرا پردیش کی اسپورٹس پالیسی کے مطابق ریاستی حکومت نے 19ویں ایشین گیمس میں ٹینس کے مقابلہ میں سلور میڈل حاصل کرنے والی وشاکھا پٹنم کی کھلاڑی ساکت مائنینی کو 20لاکھ جاری کئے۔
تیراندازی میں تین گولڈ میڈلسٹ وی جیوتی (ضلع این ٹی آر) کو 90 لاکھ اور بیاڈمنٹن میں سلور میڈل حاصل کرنے والے کدامبی سریکانکت (ضلع گنٹور) کو20لاکھ جاری کئے۔
شٹلر ستوک سائی راج رانکی ریڈی جنہوں نے ڈبلس میں گولڈ میڈل اور سلور میڈل(ٹیم ایونٹ) حاصل کیا تھا، کو50لاکھ روپے حوالے کئے گئے۔ وشاکھا پٹنم کی اتھیلٹ جیوتی ایراجی کو جنہوں نے سلور میڈل حاصل کیا تھا، اور ہمپی (ضلع این ٹی آر) کو20لاکھ اور انوشا کو 30لاکھ روپے دئیے گئے۔