[]
نئی دہلی: اسرائیل اور حماس کی جاریہ جنگ کے بیچ نوبل امن انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی نے دیگر نوبل لاریٹس کے ساتھ مل کر اپیل کی ہے کہ جنگ میں تمام بچوں پر رحم کیا جائے۔
انہوں نے دنیا کو یاددہانی کرائی کہ اسرائیل اور غزہ کے سارے بچے ”ہمارے بچے“ ہیں۔ انہیں تحفظ اور فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔29 نوبل انعام یافتگان نے ہندوستانی نوبل لاریٹ کیلاش ستیارتھی کا ساتھ دیا اور مشترکہ بیان پر دستخط کئے۔
تمام 6 شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوبل لاریٹس نے مطالبہ کیا کہ یرغمال بنائے گئے تمام بچے فوری رہا کردیئے جائیں۔ تمام بچوں کو وار زون سے بحفاظت کہیں اور منتقل کرنے دیا جائے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ تمام بچوں اور بوڑھوں کو انسانی امداد فوری ملنی چاہئے۔
جنگ زدہ علاقہ میں رحم صرف ایک گروپ کے بچوں پر نہ کیا جائے۔ کیلاش ستیارتھی نے خبردار کیا کہ آنے والے ہفتوں میں کئی زندگیاں ضائع ہونے کا سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر کسی کو یاد دلانا چاہیں گے کہ بچوں کی وجہ سے کبھی کوئی جنگ نہیں ہوئی۔ بچے ایسی صورتِ حال کے لئے ہرگز ذمہ دار نہیں۔ دیرپا امن کے لئے تمام بچوں پر رحم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی بچے ہمارے بچے ہیں‘ اسرائیلی بچے ہمارے بچے ہیں۔