ایران کا اقوام متحدہ میں اصلاحات کا مطالبہ، منصفانہ نمائندگی دی جائے

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اقوام متحدہ کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ایک ایسے اقوام متحدہ پر یقین رکھتا ہے جو اقوام کے حقوق کی حقیقی نمائندگی کرے اور انصاف کا علمبردار ہو۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ چند طاقتور ممالک اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں پر عمل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ عالمی ادارے کو دوسری عالمی جنگ کی تباہ کاریوں سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ اب پیچھے ہٹنے یا خاموش رہنے کا وقت نہیں۔

بقائی نے سلامتی کونسل میں طاقتور ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی اور اسرائیل کی فلسطین میں جنگی کارروائیوں کی حمایت کو اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے لاطینی امریکہ میں امریکی مداخلت، وینزویلا اور کیوبا جیسے ممالک کو دھمکانے کی پالیسیوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ یہ اقدامات عالمی قوانین اور امن کے منافی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ایران ہمیشہ امن، انصاف، انسانی وقار اور اقوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کا حامی رہا ہے اور اقوام متحدہ میں معین اپنا کردار ذمہ داری سے نبھاتا رہا ہے، اگرچہ ایران کو اس حوالے سے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایران نے کبھی اس ادارے کو غیر مؤثر نہیں سمجھا اور نہ ہی اس کے اداروں کو دھمکی دی۔

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ آئیں ہم مل کر ایک ایسا اقوام متحدہ تشکیل دیں جو موجودہ اور آئندہ نسلوں کو جنگ کی لعنت سے محفوظ رکھ سکے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *