جیل میں نائیڈو کی جان کو خطرہ،امیت شاہ سے لوکیش کی ملاقات

[]

امراوتی: تلگودیشم پارٹی کے جنرل سکریٹری نارا لوکیش نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے شکایت کی ہے کہ جیل میں ان کے والد وسابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔

 لوکیش جنہوں نے چہارشنبہ کی شب دہلی میں امیت شاہ سے ملاقات کی، الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی، نائیڈو کو نشانہ بنانے کیلئے سیاسی انتقام کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

شاہ سے ملاقات کے بعد ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے ٹی ڈی پی قائد نے کہا کہ آندھرا پردیش میں وائی ایس آر سی پی حکومت کی جانب سے سرکاری مشنری کے بیجا استعمال سے واقف کرایا گیا اور انہیں تشویشناک حالات سے بھی واقف کرایا گیا اور کس طرح جیل میں نائیڈو کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔

لوکیش نے شاہ کو بتایا کہ ایک طرف نائیڈو کو گرفتار کیا گیا ہے تو دوسری طرف تحقیقات کے نام پر انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت میری والدہ بھونیشوری اور میری اہلیہ برہمنی کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بتایاجاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں جو اسکل ڈیولپمنٹ کیس میں گزشتہ ماہ گرفتاری کے بعد سے راجمندی کی سنٹرل جیل میں ہیں۔ لوکیش نے شاہ کو مختصراً ان کے اور ان کے والدکے خلاف درج مقدمات سے واقف کرایا۔

 ٹی ڈی پی کے جنرل سکریٹری سے سی آئی ڈی نے دو دنوں تک امراوتی انررنگ روڈ اسکام کے بارے میں پوچھ تاچھ کی۔ سی آئی ڈی نے امراوتی انر رنگ روڈ اور اے پی فائبر نیٹ کیس میں نائیڈو کے خلاف پی ٹی وارنٹ جاری کرچکی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *