[]
کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا کہنا ہے کہ بی جے پی کو بھگوان رام اور راون کے درمیان جنگ کو سمجھنے کے لیے پرانوں کو جاننا چاہیے۔
کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ہفتہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی راہل گاندھی کی مقبولیت اور قائدانہ صلاحیت سے ڈرتی ہے، اسی لیے سوشل میڈیا کے ذریعہ ان کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بنگلورو میں ودھان سودھا کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیوکمار نے الزام لگایا کہ بھگوا خیمہ نے راون کی پوری کہانی جانے بغیر ہی یہ کیا ہے۔
شیوکمار نے کہا کہ ’’یہاں تک کہ شمالی ہند میں بھی راون کی پوجا کی جاتی ہے۔ اگر بی جے پی کو ہماری ثقافت کا پتہ ہوتا تو وہ اتنا نیچے نہیں گرتی۔ بھارت جوڑو یاترا کے بعد انڈیا اتحاد نے شکل اختیار کرنا شروع کیا۔ انڈیا اتحاد مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، متحد ہو رہا ہے اور اس کی حفاظت کی جائے گی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی راہل گاندھی کے میگا واکتھان (بھارت جوڑو یاترا) اور انڈیا اتحاد سے ڈری ہوئی ہے اور اس لیے انھوں نے انھیں 10 سر والے راون کی شکل میں پیش کیا ہے۔‘‘
کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ’’بی جے پی کو بھگوان رام اور راون کے درمیان جنگ کو سمجھنے کے لیے پُرانوں کو جاننا چاہیے۔‘‘ پھر وہ کہتے ہیں کہ ’’راون کی شکل میں پیش کیے گئے راہل گاندھی کے پوسٹر سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی ان سے کتنی خوفزدہ ہے۔ اسے لے کر ملک بھر میں لوگ بی جے پی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کرناٹک میں بھی احتجاجی مظاہرہ کی قیادت وزیر برائے ٹرانسپورٹ راملنگا ریڈی کر رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;