ناندیڑ کے سرکاری دواخانہ میں مزید 7 اموات

[]

اورنگ آباد: مہاراشٹرا کے ناندیڑ کے سرکاری دواخانہ میں 24 گھنٹوں میں 24 مریضوں کی موت کے ایک دن بعد حکام نے منگل کے دن توثیق کی کہ اسی دواخانہ میں یکم اکتوبر اور 2  اکتوبر کے درمیان مزید 7  اموات ہوئی ہیں۔

 ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس(ڈی آئی او) ناندیڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کی توثیق کی۔ اس طرح دواخانہ میں 48 گھنٹوں میں جملہ 31  اموات ہوئیں۔ قبل ازیں ناندیڑ کے ڈاکٹر شنکرراؤ چوان گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں 30  ستمبر اور یکم اکتوبر کے درمیان 24  اموات کی خبر آئی تھی جن میں 12 شیرخوار بچے تھے۔

 ڈی آئی او نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں‘ ڈاکٹروں کی ٹیم تیار ہے۔ اسی دوران چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری دواخانہ میں منگل کی صبح 8 بجے تک گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم ازکم 18  اموات ہوئیں۔ دواخانہ کے سپرنٹنڈنٹ کے بموجب 2 مریضوں کی موت قلب پر حملہ کے باعث ہوئی جبکہ دیگر 2 کو نمونیہ تھا۔

ایک مریض کو عارضہ ئ جگر اور3 مریضوں کو گردہ کا مرض لاحق تھا۔ ایک مریض کی موت جگر اور گردہ ناکارہ ہوجانے کی وجہ سے ہوئی۔ ایک مریض کی موت سڑک حادثہ میں اور ایک کی زہر کھالینے کی وجہ سے ہوئی۔ ایک مریض اپینڈکس پھٹ جانے سے پھیلنے والے انفیکشن کی وجہ سے چل بسا۔

عہدیدار نے کہا کہ دواخانہ میں زندگی بچانے والی دواؤں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ دواخانہ میں 1170 بستر ہیں لیکن ہمیشہ 1600 سے زائد مریض شریک رہتے ہیں۔ گزشتہ ماہ 28 ہزار مریض شریک ہوئے تھے جن میں 419 کی موت واقع ہوئی۔

 یہ تناسب 1.45 فیصد بنتا ہے۔ مرٹھواڑہ کے مختلف اضلاع کے علاوہ شمالی مہاراشٹرا کے مریض اورنگ آباد کے اس دواخانہ میں علاج کے لئے آتے رہتے ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *