[]
امراوتی: آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے ریاست کی سی آئی ڈی کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ اے پی فائبر نیٹ اسکامس میں تلگودیشم پارٹی کے جنرل سکریٹری نارا لوکیش کو4 اکتوبر تک گرفتار نہ کرے۔
ٹی ڈی پی سپریمو چندرا بابو نائیڈو جو اسکل ڈیولپمنٹ اسکام کیس میں عدالتی تحویل میں ہیں، کے فرزند این لوکیش کی عرضیوں پر اے پی ہائی کورٹ نے یہ عبوری احکام جاری کئے۔
لوکیش نے ان دونوں کیسوں میں پیشگی ضمانت کیلئے عرضیاں، عدالت میں داخل کی تھیں۔ عدالت نے لنچ کے بعد ان عرضیوں پر سماعت کی اور آئندہ سماعت 4/ اکتوبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے اے پی فائبر نیٹ کیس، میں پیشگی ضمانت دینے سے متعلق لوکیش کی عرضی پر بھی سماعت کو ملتوی کردیا۔
قبل ازیں عدالت العالیہ نے امراوتی انر آوٹر رنگ روڈ اسکام کیس میں سی آئی ڈی کے یہ مطلع کرنے کے بعد کہ وہ سی آر پی سی سیکشن41کے تحت نوٹسیں جاری کریں گی، پیشگی ضمانت کے لئے لوکیش کی عرضی کی یکسوئی کردی۔
پی ٹی آئی کے مطابق آندھرا پردیش پولیس سی آئی ڈی نے جمعرات کے رؤز ہائی کورٹ کو مطلع کیا کہ اُس نے امراوتی انر رنگ روڈ (آئی آر آر)، ”اسکام“ کیس میں سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے فرزند این لوکیش کو سی آر پی سی کے سیکشن41کے تحت نوٹس جاری کی جائے گی تاکہ وہ اس اسکام کیس کی تحقیقات کے عمل میں شامل ہوسکیں اس کیس میں آندھرا پردیش ہائی کورٹ، نارا لوکیش کی پیشگی ضمانت کی درخواست کی سماعت کررہی ہے۔
سی آئی ڈی نے عدالت کو بتایا کہ وہ سی آر پی سی کے سیکشن 41 کے تحت طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے نارا لوکیش کو نوٹس جاری کریں گی اور جب ضرورت ہو، تحقیقات میں شامل ہونے کیلئے ٹی ڈی پی کے جنرل سکریٹری کو طلب کیا جائے گا۔
حال ہی میں سی آئی ڈی نے امراوتی، انر رنگ روڈ اسکام کیس میں عدالت میں ایک میمو داخل کرتے ہوئے اس کیس میں این لوکیش کو ملزم نمبر14بنایا ہے۔یہ کیس، نائیڈو کے دور حکومت میں امراوتی کیپٹل سٹی ماسٹر پلان میں الٹ پھیر سے متعلق ہے۔
لوکیش فی الوقت دہلی میں مقیم ہیں وہ یہاں، اسکل ڈیولپمنٹ اسکام کیس میں عدالتی تحویل میں راجمندری سنٹرل جیل میں مقید اپنے والد چندرا بابو نائیڈو کو راحت دلانے کیلئے قا نونی ماہرین سے مشاورت کررہے ہیں۔