اس موقع پر اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما ہریش راوت نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’کیدارناتھ علاقے میں ایک بار پھر ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا ہے اور یہ حادثہ انتہائی ہولناک ہے۔ پائلٹ سمیت تمام یاتری ہلاک ہو گئے ہیں۔ پورا اتراکھنڈ سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔’’
انہوں نے مزید لکھا، ’’ریاست میں شہری ہوا بازی کا شعبہ ترقی کر رہا ہے، جو خوش آئند ہے، مگر حادثات کا تناسب بھی اسی رفتار سے بڑھ رہا ہے، جو انتہائی تشویشناک ہے۔ تمام حادثات کی تحقیقات کے بعد جو سفارشات سامنے آئی ہیں، ان کی روشنی میں سلامتی کے پختہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ اگر ہم نے لاپروائی برتی تو اس کا خمیازہ انسانی جانوں کی صورت میں بھگتنا پڑے گا۔ ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ ہمارا ہوا بازی کا شعبہ حادثہ سے پاک ہو۔‘‘
