اندرا پارک پر کل جماعتی شعور بیداری پروگرام

[]

حیدرآباد: صدر بہوجن سماج پارٹی تلنگانہ پروین کمار نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں ڈرگ کلچر کے خاتمہ، قتل کی وارداتوں کو روکنے اور سودی کاروبار کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہاکہ تمام مذاہب کے ماننے والوں سے ریاست سے ڈرگ کلچر، قتل کلچر اور سودی کاروبار کے خاتمہ کیلئے تعاون حاصل کرنا چاہئے اور اس سلسلہ میں ایک اجلاس منعقد کرنا چاہئے انہیں سماج میں پھیلی برائیوں کو روکنے کیلئے شعوربیدار ی مہم چلانا چاہئے۔

آج دھرنا چوک اندرا پارک پر مسلم یونائیٹڈ فیڈریشن کی جانب سے ڈرگ کلچر، قتل کلچر اور سودی کاروبار کی لعنت کے بارے میں شعور بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام صدر مسلم یونائیٹڈ فیڈریشن حکیم صوفی مولانا خیر الدین قادری کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں ترجمان مجلس بچاؤ تحریک امجد اللہ خان خالد، صدر انڈین یونین مسلم لیگ محمد شکیل احمد ایڈوکیٹ، صدر سوشیو ریفارمر ڈاکٹر علیم خان فلکی، جنرل سکریٹری جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر سید آصف عمری، پروفیسر انور خان، ایس سی، ایس ٹی، بی سی مسلم فرنٹ کے نمائندے ثنا ء اللہ خان، ایس ایس تنویر، صدر پیس اینڈ جسٹس تلنگانہ، محمد عبدالعزیز، صدر پیس فاونڈیشن سراج الرحمن و دیگر نے شرکت کی اور خطاب کیا۔

بہوجن سماج پارٹی کے اقلیتی سل کے نماندے ابرار حسین آزاد نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کاروائی چلائی صدر بہبو جن سماج پارٹی، پروین کمار نے کہا ملک میں پنجاب ایسی ریاست ہے جہاں ڈرگ استعمال کرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

شہر حیدرآباد میں ڈرگ کلچر تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اگر حکومت اس جانب توجہ نہیں دے گی تو شہر میں بھی پنجاب جیسے حالات پیدا ہوں گے۔ صدر یونائیٹڈ مسلم فیڈریشن حکیم صوفی مولانا محمد خیر الدین قادری نے کہا کہ جس قوم میں 3ناسور ڈرگ کلچر، قتل کلچر، اور سودی کاروبار موجود ہے وہ قوم کبھی ترقی نہیں کرسکتی۔

انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اگر والدین اپنے بچوں کو بری صحبتوں اور رات میں بلاوجہ گھومنے سے نہیں روکیں گے تو معاشرے میں نئی برائیاں پیدا ہوں گی۔ اس سلسلہ میں آئمہ کرام کو بھی توجہ دینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی بھی ذمہ داری ہے کہ نشہ آور اشیاء فروخت کرنے والوں کو گرفتار کریں۔ انہوں نے کہا کہ قتل کی وارداتوں میں ملوث نوجوانوں کو تقریباً ایک سال تا دیڑھ سال جیل میں رکھ کر ان کے خلاف مقدمہ چلانا چاہئے۔ا نہوں نے حکومت سے سودی کاروبار کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

ترجمان مجلس بچاؤ تحریک امجد اللہ خان خالد نے کہا کہ بہار، مغربی بنگال، و دیگر ریاستوں سے لیبر آنے کے بعد شہر میں ڈرگ کلچر میں اضافہ ہوا ہے اگر حکومت اس ڈرگ کلچر کے خاتمہ کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کرے گی تو24گھنٹوں میں یہ مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عیدی بازار کے قتل کے واقعہ کے بعد شہر حیدرآباد میں قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ 2یوم قبل حافظ بابا نگر میں ایک نوجوان کا بے رحمانہ قتل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کو قاتل کو ضمانت نہیں دلانا چاہئے۔ قتل کے ملزمین کا سماجی بائیکاٹ کرنا چاہئے۔

اس طرح جو لوگ سودی کاروبار میں ملوث ہیں، ان کا بھی سماجی بائیکاٹ کرنا چاہئے۔ اس سلسلہ میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہئے تو تمام برائیوں کا خاتمہ کرسکتی ہے۔ ان مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت کی نیت صاف نہیں ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *