[]
حیدرآباد: محکمہ صحت کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں ڈینگو فیور کے کیسز میں اضافے کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ کہا گیا ہے کہ ریاست میں بخار کے کیسز سے متعلق تشویش کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ ابھی تک بخار سے کسی کی بھی موت نہیں ہوئی ہے۔
تلنگانہ میں گزشتہ کچھ دنوں سے ہو رہی بارش کی وجہ سے موسمی امراض پر جمعرات کے دن محکمہ صحت کے عہدیداروں نے جائزہ اجلاس طلب کیا۔ ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ کی ہدایت پر یہ اجلاس طلب کیا گیا جس میں ہیلتھ سیکرٹری رضوی کے علاوہ محکمہ طب کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دواخانوں میں مکمل تیاریاں کر لیں اور بخار سے متاثر ہونے والوں کی تفصیلات فوری طور پر پورٹل پر درج کی جائیں۔ اس ڈیٹا کے بنا پر ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسرز کو ہائی رسک علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اقدامات کا مشورہ دیا گیا ہے
جن علاقوں میں بخار کے زیادہ کیسز دیکھے جا رہے ہیں وہاں کے دواخانوں میں چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، ساتھ ہی اگر کسی مریض میں کسی بھی طرح کی علامات پائی جاتی ہیں تو فوری علاج شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اسی دوران محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ ریاست کے ضلع ملگو میں ڈینگو سے اندرون ایک ہفتہ 10 افراد کے فوت ہونے سے متعلق میڈیا میں جو خبریں چلائی جا رہی ہیں اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔