
Muzaffarpur woman beaten to death: مظفرپور (بہار) — بہار کے مظفرپور ضلع سے انسانیت کو شرما دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک شخص نے اپنی ہی بیوی کو بےدردی سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب اس شخص نے اپنے معصوم بچوں اور بوڑھی ماں کے سامنے اپنی بیوی پر مسلسل ڈنڈے برسائے، حتیٰ کہ اُس نے دم توڑ دیا۔ قتل کے بعد بھی ملزم ڈنڈے برساتا رہا۔
معصوم بچے “بچاؤ، بچاؤ” کی دہائی دیتے رہے، روتے رہے، مگر کسی نے کچھ نہیں کیا۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ کچھ تماشائیوں نے اس دلخراش منظر کو کیمرے میں قید کیا، لیکن کسی نے اس ظالم شوہر کو روکنے کی کوشش نہ کی۔
مقتولہ بچوں کے سامنے جان کی بازی ہار گئی۔ (Muzaffarpur woman beaten to death)
واقعہ کے بعد قاتل شوہر موقع سے فرار ہو گیا۔ مقتولہ کی ماں نے پولیس کو بتایا کہ داماد پہلے بھی اس کی بیٹی پر ظلم کرتا تھا، جس سے تنگ آ کر وہ اپنے میکے چلی گئی تھی۔ مقتولہ کا نام مہرالنسا بتایا جا رہا ہے۔
ماں نے بہو کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن ظالم بیٹے کلیم اللہ نے اپنی ماں کی ایک نہ سنی۔
شادی کے بعد سے ہی کلیم اللہ اپنی بیوی پر ظلم کرتا چلا آ رہا تھا۔ کئی بار پنچایت کے ذریعہ صلح کرانے کی کوششیں ہوئیں۔ شوہر کو نشہ کی لت تھی اور اکثر مار پیٹ کرتا تھا، جس سے تنگ آکر مہروالنسا اپنے والد کے گھر چلی گئی تھی۔
دو دن قبل کلیم اللہ نے چچازاد بہن کی شادی کا بہانہ بنا کر بیوی کو میکے سے واپس بلوایا۔ اسی شادی سے قبل، کلیم اللہ نے اپنے بچوں کے سامنے بیوی پر ڈنڈے برسا برسا کر اُسے جان سے مار دیا۔
واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آ چکی ہے، جس میں کلیم اللہ کو اپنی بیوی پر بے رحمی سے وار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بچے رو رہے ہیں، چیخ رہے ہیں، لیکن ملزم اپنی حیوانیت سے باز نہیں آتا۔ تشدد کی شکار خاتون کی ماں کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کو عرصہ سے اذیت دی جا رہی تھی۔