
سنبھل (یوپی) (پی ٹی آئی)اترپردیش کے سنبھل کی شاہی جامع مسجد کے وکیل شکیل احمد وارثی نے چہارشنبہ کے دن محکمہ آثارِ قدیمہ(اے ایس آئی) کی طرف سے نئے بورڈ کی تنصیب پر سخت اعتراض جتایا جسمیں مسجد کا نام ”جمعہ مسجد“ لکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ غلط اور غیرضروری ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ یہ مسجد عرصہ سے شاہی جامع مسجد کے نام سے جانی جاتی ہے۔ نئے بورڈ میں اسے جمعہ مسجد لکھنا غلط اور پوری طرح غیرضروری ہے۔
نیا بورڈ بھیجنے کی کوئی ضرورت ہی نہیں۔ پہلے سے جو بورڈ لگا ہے اسے لگارہنے دینا چاہئے۔ شکیل احمد وارثی نے کہا کہ باقاعدہ اعتراض درج کرانے سے قبل مسجد کی انتظامی کمیٹی ماہرین قانون سے مشورہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم شاہی جامع مسجد کی انتظامی کمیٹی کے ساتھ ساتھ الٰہ آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے وکیلوں سے بات چیت کریں گے۔ مشاورت کے بعد تحریری اعتراض درج کرایا جائے گا۔