معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے سلسلے میں درج مقدمے کی تفتیش کے لیے ممبئی پولیس کے سامنے ہفتہ 5 اپریل کو پیش نہیں ہوئے۔
ممبئی کے کھار پولیس تھانے نے کامرا کو سمن بھیج کر اسی روز پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔ تاہم، یہ تیسرا موقع تھا جب کنال کامرا سمن ملنے کے باوجود پولیس کے سامنے حاضر نہیں ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کامرا نے پولیس کو ایک خط بھی لکھا تھا، جس میں انہوں نے درخواست کی تھی کہ انہیں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بیان دینے کی اجازت دی جائے لیکن پولیس نے ان کی یہ درخواست مسترد کر دی۔