
ممبئی:میڈیا رپورٹس کے مطابق، مشہور ہدایتکار ایس ایس راجامولی کی سپر ہٹ فلم باہوبلی: دی بیگننگ ایک بار پھر بڑے پردے پر جلوہ گر ہونے جا رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم 10 جولائی 2025 کو سینما گھروں میں دوبارہ ریلیز کی جائے گی۔ اس تاریخ کو منتخب کرنے کی خاص وجہ یہ ہے کہ اسی دن اس فلم کو ریلیز ہوئے 10 سال مکمل ہو جائیں گے۔ فلم کی دسویں سالگرہ کو یادگار بنانے کے لیے ناظرین کو یہ خصوصی تحفہ دیا جا رہا ہے۔
یہ فلم، جو اصل میں 2015 میں ریلیز ہوئی تھی، بھارتی سنیما کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوئی۔ اگر Gulte کی رپورٹ پر یقین کریں تو پرابھاس، رانا دگگوبتی، انوشکا شیٹی اور تمنا بھاٹیہ کے مرکزی کرداروں پر مبنی یہ فلم اپنی 10ویں سالگرہ کے موقع پر دوبارہ سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔ یہ فلم اپنے بہترین visual effects اور شاندار کہانی کی بدولت پہلے بھی ناظرین کے دل جیت چکی ہے۔ اس وقت یہ فلم نہ صرف باکس آفس پر زبردست کامیاب رہی بلکہ اسے موجودہ دور کی پہلی پین انڈیا فلم بھی کہا جاتا ہے۔
یہ فلم دنیا بھر کے باکس آفس پر 650 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی، جس کی وجہ سے یہ اپنے وقت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی انڈین فلموں میں شامل ہو گئی۔ فلم کا مشہور سوال “کٹپا نے باہوبلی کو کیوں مارا؟” پورے ملک میں زبردست بحث کا موضوع بن گیا تھا۔
باہوبلی: دی بیگننگ کی دوبارہ ریلیز بالی ووڈ کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ فلم کی مقبولیت آج بھی کم نہیں ہوئی۔ اگر یہ فلم دوبارہ ریلیز ہونے کے بعد اچھا بزنس کرتی ہے، تو یہ بالی ووڈ کی موجودہ فلموں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہو سکتی ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ 10 جولائی 2025 کو جب یہ فلم سینما گھروں میں آئے گی تو کیا یہ ایک بار پھر ناظرین کو اپنی طرف کھینچنے میں کامیاب ہو پائے گی یا نہیں۔