
نئی دہلی ۔انٹرنیٹ ڈیسک:امریکہ میں شدید طوفان اور جنگلاتی آگ کی وجہ سے کئی ریاستوں میں تباہی مچ گئی ہے۔ مختلف علاقوں میں موسمی حالات انتہائی خطرناک صورت اختیار کر چکے ہیں جس کے نتیجہ میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
ریاست مِسوری میں اب تک 10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ٹیکساس پین ہینڈل کے امریلو کاؤنٹی میں مزید 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ آرکنساس میں 3 افراد ہلاک اور 29 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ 100 سے زائد مقامات پر جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی ہے جس کی شدت بڑھتی جا رہی ہے۔ کئی علاقوں میں برقی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے جبکہ درجنوں مکانات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
امریکی حکام نے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذکرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو متحرک کر دیا ہے۔ عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی جا رہی ہے جبکہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر مزید خطرات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں طوفان کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔