ہندوستان ایشیا کپ کے سپر 4 میں داخل

[]

پالے کیلے: ہندوستان کی کرکٹ ٹیم نے روہت شرما اور شبھمن گل کی شاندار بلے بازی کی بدولت نیپال کوبارش سے متاثرہ ایشیا کپ کے گروپ اے کے میچ میں پیر کے روز دس وکٹوں سے شکست دے کر سپر 4 میں داخلہ حاصل کرلیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی ہندستان کے پوائنٹس ٹیبل میں 3 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ پاکستان ٹیم اس گروپ سے 3 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی سپر 4 کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ نیپال دونوں میچ ہار کر باہر ہو گیا۔کینڈی کے پلے کیلے کرکٹ اسٹیڈیم میں نیپال نے ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 48.2 اوورز میں 230 رنز بنائے۔

جواب میں بارش سے متاثرہ میچ میں ہندوستان نے 2.1 اوورز میں 17 رنز بنائے تھے۔ ایسی صورت حال میں، امپائرز نے ڈک ورتھ لوئس ضابطے کے تحت ہندوستان کو 23 اوورز میں 145 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف دیا، جسے روہت-گل کی جوڑی نے 20.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔

کپتان روہت شرما نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 گیندوں میں چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 74 رن بنائے جبکہ شوبھمن گل نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم سپر فور میں پہنچ گئی جہاں اس کا مقابلہ ایک بار پھر 10 ستمبر کو روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔

نیپال نے آصف شیخ (58) کی نصف سنچری اور سومپال کامی کی 48 رنز کی اننگز کی بدولت ہندوستان کے سامنے 231 رنز کا قابل تعریف ہدف رکھا ہے۔اہلیت کی بنیاد پر ٹورنامنٹ میں پہنچنے والے نیپال نے ہندوستان کے خلاف آل آؤٹ ہونے سے پہلے 48.2 اوور کھیلے۔ سلامی بلے باز آصف نے 97 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے جبکہ آٹھویں نمبر کے بلے باز سومپال نے 56 گیندوں میں ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔

ٹیم انڈیا نے ٹاس جیت کرگیندبازی کا فیصلہ کیا لیکن 25 گیندوں میں تین کیچ چھوڑنا ان کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔ کشال بھرتیل (دو) اور آصف کا کیچ چھوٹنے کے بعد دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 65 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ ایک وقت میں نیپال کا رن ریٹ چھ سے اوپر تھا لیکن شاردول ٹھاکر نے شاندار بلے بازی کرنے والے بھرتیل (25 گیندوں، 38 رنز) کو آؤٹ کر کے اننگز کی رفتار کم کی۔

رویندرا جڈیجا نے بھیم شرکی، روہت پاڈیل اور کشال مالا کو چھوٹے اسکور پر آؤٹ کر کے ہندوستان کو راحت پہنچائی جبکہ سراج نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے والے آصف کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے اپنے اگلے اوور میں گلشن جھا (35 گیندوں، 23 رنز) کو بھی آؤٹ کیا۔

نیپال کے چھ وکٹوں پر 144 رنز پر گرنے کے بعد، نچلی صف کے بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو باعزت اسکور تک لے جانے کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دیپندر سنگھ ایرے نے سومپال کے ساتھ 50 رنز کی شراکت داری کی۔ ایری نے ہاردک پانڈیا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونے سے قبل 25 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے۔

سومپال اس کے بعد بھی نہیں رکے اور وہ 47ویں اوور میں سراج کی گیندپر چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری کی طرف بڑھے،نیپال 250 تک پہنچنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن شامی کی گیند پر سومپال کی وکٹ کے ساتھ ان کے امکانات ختم ہو گئے۔

تجربہ کار آل راؤنڈر سندیپ لامیچھانے (نو) بھی اسی اوور میں رن آؤٹ ہوئے جبکہ سراج نے 49ویں اوور کی دوسری گیند پر للت راج بنشی کو آؤٹ کر کے نیپال کی اننگز کا خاتمہ کیا۔جڈیجا ہندوستان کے سب سے کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 40 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ سراج نے بھی تین وکٹ لیے لیکن اپنے 9.2 اوور میں 61 رنز دے ڈالے۔

شامی، پانڈیا اور ٹھاکر کو ایک ایک کامیابی ملی۔ کلدیپ یادو نے 10 اوورز میں دو میڈنز سمیت 34 رنز دیے لیکن کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *