چیک پوسٹ پر گولی باری میں اسرائیلی فوج کے 6 جوان زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں 2 جوانوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔
ویسٹ بینک یعنی مغربی خطہ میں منگل کے روز اسرائیلی قبضے والے علاقہ میں ایک چیک پوسٹ پر قاتلانہ حملہ ہوا۔ اس حملے میں 6 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 2 کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ حملہ آور کو اسرائیلی فوجیوں نے موقع پر ہی ہلاک کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ مغربی خطہ کے تیسر گاؤں میں پیش آیا جہاں اسرائیلی فوج کی چوکی موجود ہے۔ 4 فروری کو ایک حملہ آور نے اس چیک پوسٹ پر گولی باری شروع کر دی، جس کے بعد اسرائیلی جوانوں نے جوابی کارروائی شروع کر دی۔ اس گولی باری کے درمیان اسرائیلی فوج کے 6 جوان زخمی ہوئے جنھیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق اسرائیلی فوجیوں پر ہوئے اس حملے کی حماس اور کچھ دیگر تنظیموں نے تعریف کی ہے۔ حالانکہ ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مغربی خطہ کے جینن کے پاس اسرائیلی فوج وسیع مہم چلا رہی ہے، جس میں اسرائیلی فوجیوں نے بلڈوزر سے کئی مکانات کو تباہ کر دیا ہے۔ فلسطینی ہیلتھ افسران کے مطابق جینن میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ ماری شروع ہونے سے لے کر اب تک اسرائیلی گولی باری میں کم از کم 20 فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے ذریعہ اسرائیل پر کیے گئے حملے کے بعد سے ویسٹ بینک میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔
تازہ حملہ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ حملہ آور ایم-16 اسالٹ رائفل، 2 میگزین لے کر حملہ کرنے پہنچا تھا۔ حملہ کے وقت چوکی پر اسرائیلی فوج کے 11 جوان تعینات تھے۔ حملہ آور نے سیدھے چوک پر پہنچ کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس اچانک حملہ سے جوانوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔ حملہ کے بعد جب حملہ آور وہاں سے بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا تو فوجیوں کی جوابی کارروائی میں وہ ہلاک ہو گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔