پرینکا گاندھی نے لوگوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ اسی لیڈر کو ووٹ دیں جو کام کرتے ہیں اور بھروسہ کے لائق ہیں، انھیں ووٹ دینے سے پرہیز کریں جو جھوٹی تشہیر پر پیسہ خرچ کرتے ہیں۔
دہلی میں آج شام انتخابی تشہیر کا شور ختم ہو جائے گا۔ لیکن اس سے قبل سبھی پارٹیوں نے ووٹرس کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے پورا زور لگا دیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی اپنی پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ آج وہ جنگ پورہ میں پارٹی امیدوار فرہاد سوری کی حمایت میں ’ڈور ٹو ڈور مہم‘ چلاتی ہوئی دیکھی گئیں۔ اس درمیان وہ جہاں جہاں گئیں، لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھنے کو ملی۔
پرینکا گاندھی نے جنگ پورہ میں سبزی فروشوں، پھل فروشوں، دکانداروں اور گھریلو خواتین سے ملاقات کر دہلی کی ترقی میں تعاون پیش کرنے کی گزارش کی۔ انھوں نے لوگوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ اسی لیڈر کو ووٹ دیں جو کام کرتے ہیں اور بھروسہ کے لائق ہیں۔ انھیں ووٹ دینے سے پرہیز کریں جو جھوٹی تشہیر پر پیسہ خرچ کرتے ہیں۔ پرینکا نے کہا کہ کچھ لوگ عوام پر پیسہ نہیں خرچ کرتے، بلکہ ٹی وی اشتہارات پر خرچ کرتے ہیں۔ اس لیے ٹی وی کو دیکھ کر ووٹ دینے سے بچیں، اچھے لوگوں کو کامیاب بنائیں تاکہ دہلی اور یہاں کی عوام کا مستقبل سنور سکے۔
پرینکا کے ذریعہ گھر گھر جا کر لوگوں سے ملاقات کا زبردست اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جنگ پورہ کی عوام نے پرینکا سے کانگریس کی حمایت کرنے کا وعدہ بھی کیا اور کہا کہ کیجریوال اور بی جے پی کے جھوٹے وعدوں کو وہ اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔ اس مثبت رد عمل سے کانگریس بھی خوش نظر آ رہی ہے۔ اس نے سوشل میڈیا پر ایک پوست بھی کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’عوام کا بھروسہ کانگریس کے ساتھ ہے، اس لیے دہلی میں کانگریس کی آمد یقینی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔