کوئی بھی طاقت ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کی جرائت نہیں رکھتی، صدر پزشکیان

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزارت دفاع کے ایرو اسپیس انڈسٹریز کمپلیکس کے دورے کے دوران کہا ہے کہ حکومت ملک کی دفاعی صنعتوں کی ترقی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ ایران کی فوجی پیش رفت کسی بھی غیر ملکی جارحیت کو روکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر پزشکیان نے وزارت دفاع کے ایرو اسپیس ڈویژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف دفاعی اور خلائی کامیابیوں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہمارا دشمن ہم پر آزادانہ حملہ کرتا تھا۔ آٹھ سالہ جنگ کے دوران عراقی بعثی حکومت کو ہماری زمین اور فضائی حدود تک بلا روک ٹوک رسائی حاصل تھی اور دشمن اپنی مرضی کے مطابق کام کرسکتے تھے۔ آج ایران نے دفاعی شعبے میں جدید زمانے کے مطابق ترقی کی ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی ایران کی خودمختاری پر حملہ کرنے کی جرائت نہیں رکھتا ہے۔

صدر پزشکیان نے ایران کی فوجی طاقت کو دفاعی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن اب ماضی کی طرح ایران کو میزائل حملوں اور بمباری کا نشانہ نہیں بناسکتے ہیں۔ آج ہم یہاں جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ ایران کی دفاعی طاقت کا مظہر ہے، جسے دوسروں پر جارحیت کے لئے نہیں بلکہ اسلامی جمہوریہ کی حفاظت کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

انہوں نے دوبارہ اس عزم کو دہرایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی دفاعی طاقت کو مزید مستحکم کرے گا البتہ یہ کام کسی بھی قوم کو دھمکانے کے لئے نہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ہے تاکہ کوئی بھی ملک ہماری خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کی جرائت نہ کرے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *