مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے نائب رابطہ کار جنرل محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ مغربی ممالک نے اپنی پوری طاقت اور خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے صیہونی حکومت کی مدد کی لیکن اس کے باوجود مقاومت کے ہاتھوں بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جنرل نقدی نے شہید علیدادی کی پہلی برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے شہداء نے دنیا بھر کی حریت پسند اقوام کو بیدار کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید کے خون کا پہلا قطرہ زمین پر گرنے کے ساتھ ہی اللہ تعالی اس کے تمام گناہ معاف کردیتا ہے۔ جو لوگ راہ شہادت پر قدم رکھتے ہیں، ان کے لیے قیامت کے دن بلند درجات مقدر ہیں۔ دنیا میں بھی شہداء کا مقام بلند اور قابل احترام ہے۔ وہ ہمیشہ اللہ کے پاس سے رزق پاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا بھر کی حریت پسند اقوام کی بیداری شہداء خصوصا غزہ اور لبنان کے شہداء کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
جنرل نقدی نے فلسطینی عوام کی ثابت قدمی اور صبر و استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک نے اپنی پوری طاقت اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے ذریعے اسرائیل کی مدد کی، لیکن ان کی تمام تر کوششوں کے باوجود صہیونی حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا ہے کہ غزہ کے عوام نے 15 ماہ تک پانی، بجلی اور بنیادی سہولیات کے بغیر زندگی گزاری مگر ثابت قدم رہے اور فتح حاصل کی۔ اس دوران صیہونی حکومت نے پینے کے قابل پانی کے کنوؤں تک کو تباہ کردیا لیکن فلسطینی عوام نے ہمت نہیں ہاری۔
جنرل نقدی نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کا کوئی بھی ہدف حاصل نہ ہوسکا اس کے برعکس اس جنگ نے خطے کی اقوام کو بیدار کیا اور انہیں ان کے حقیقی دشمن سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جدید اور ترقی یافتہ ہتھیار رکھنے کے باوجود اسرائیل اس غیر متوازن جنگ میں کامیاب نہ ہوسکا۔ فلسطینی قوم کی فتح نے دنیا کے عوام کی سوچ کو یکسر بدل دیا حتی کہ امریکہ اور یورپ میں بھی اس کے اثرات دیکھنے میں آرہے ہیں۔