“ایک دن پورے ملک میں نافذ ہوگا یونیفارم سول کوڈ” نائب صدر جمہوریہ ہند
نئی دہلی: آج اتراکھنڈ وہ پہلی ریاست بن گئی ہے جہاں یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) باضابطہ طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ہندوستان کے نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے
اسے آئین سازوں کے خواب کو حقیقت میں بدلنے والا قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے جو نہ صرف ملک کے آئین میں موجود پالیسی کے اصولوں کو نافذ کرتا ہے بلکہ اس سے ملک میں جنسی مساوات اور سماجی توازن کو بھی فروغ ملے گا۔
نائب صدر نے یہ تبصرہ راجیہ سبھا انٹرنشپ پروگرام کے پانچویں بیچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنی تقریر میں انہوں نے کہا “آج کا دن ایک نیک اشارہ لے کر آیا ہے۔ اتراکھنڈ نے یونیفارم سول کوڈ کو اپنا کر آئین کے آرٹیکل 44 کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ یہ وہ آرٹیکل ہے جو ہندوستانی شہریوں کے لیے پورے ملک میں یکساں قانون کے نفاذ کی ہدایت دیتا ہے۔”
اتراکھنڈ حکومت کی دور اندیشی کی تعریف کرتے ہوئے نائب صدر نے امید ظاہر کی کہ پورا ملک جلد ہی اس سمت میں قدم اٹھائے گا۔نائب صدر نے یونیفارم سول کوڈ کی مخالفت کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئین کی ہدایت ہے اور اس کی مخالفت کرنا جہالت ہے۔