نئی دہلی۔ نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے امیدوار اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے خلاف کانگریس کے امیدوار سندیپ دکشت نے جمعرات کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر دیے۔ ان کی نامزدگی ریلی میں بڑی تعداد میں کانگریس کے قدآور رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا، ’’جب سے سندیپ دکشت نے کاغذات نامزدگی داخل کیے ہیں اور کانگریس امیدواروں کا اعلان ہوا ہے، تب سے عآپ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اندر خوف کا ماحول ہے۔ اروند کیجریوال اور پرویش ورما کے درمیان جو بیان بازی ہو رہی ہے، وہ ظاہر کرتا ہے کہ آمریت کی بنیادیں مضبوط ہو چکی ہیں۔ دوسری طرف، کانگریس کو عوامی حمایت مل رہی ہے۔ میں پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ 8 فروری کو نتائج آنے پر نہ صرف سندیپ دکشت کی جیت ہوگی بلکہ پورے دہلی میں کانگریس کی واپسی ہوگی۔‘‘