گرلز ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرہ۔ حیدرآباد کے انجینرنگ کالج کے پاس طلباء کا احتجاج

File photo

حیدرآباد: گرلز ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرے نصب، طلبہ کے احتجاج سے کشیدگی

 

حیدرآباد ۔ شہر کے مضافاتی علاقہ میڑچل کے ایک انجینئرنگ کالج کے گرلز ہاسٹل میں پیش آئے ایک شرمناک واقعہ نے طلباء میں برہمی کی لہر پیدا کردی ہے۔ ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرے نصب ہونے کا انکشاف ہونے پر طلبہ نے زبردست احتجاج کیا۔

 

یہ واقعہ کل رات سامنے آیا جب کچھ طالبات نے شبہ ظاہر کیا کہ ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ یہ خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے طلبہ کالج کے پاس جمع ہو کر احتجاج کرنے لگے۔ طلبہ تنظیموں نے الزام عائد کیا کہ یہ حرکت ہاسٹل کے باورچی نے کی ہے، جس پر شک ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

طلبہ نے مطالبہ کیا کہ واش روم میں خفیہ کیمرے نصب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ احتجاجی طلبہ کالج کے باہر نعرے بازی کر رہے تھے جس کی وجہ سے ماحول کشیدہ ہو گیا۔ کالج انتظامیہ اور ہاسٹل کے ذمہ داران اس الزام کے حوالے سے فوری طور پر کوئی وضاحت پیش نہ کر سکے، جس سے طلبہ کے غم و غصو میں مزید اضافہ ہوا۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے طلبہ کو یقین دلایا کہ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ پولیس کے اس تیقن کے بعد طلبہ نے احتجاج ختم کر دیا۔

 

طلباء کا مطالبہ ہے کہ اس شرمناک واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔ واش روم میں خفیہ کیمرے نصب کرنے والے افراد کو سخت سزا دلوائی جائے۔ ہاسٹل اور کالج میں طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔  یہ واقعہ والدین اور طلبہ کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *