[]
بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ بھگوا پارٹی لوگوں کے درمیان نفرت پھیلانے میں لگی ہوئی ہے اور اس کے فیصلوں کے نتیجہ کار سماج میں کڑواہٹ پیدا ہوتی ہے۔
گزشتہ کچھ دنوں سے سیاسی مباحث کے مرکز میں رہے این سی پی (نیشنلسٹ کانگریس پارٹی) کے صدر شرد پوار نے بدھ کو مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے تئیں اپنی وفاداری دہراتے ہوئے بی جے پی پر تلخ حملہ بولا۔ سبھی سیاسی قیاس آرائیوں کو خارج کرتے ہوئے شرد پوار نے چھترپتی سنبھاجی نگر میں کہا کہ “بی جے پی میں شامل ہونے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ میں ایم وی اے کے ساتھ ہوں۔ ہم ممبئی میں آئندہ قومی اپوزیشن اتحاد (اِنڈیا) کی میٹنگ کی تیاری کر رہے ہیں۔”
شرد پوار نے ان خبروں کو خارج کر دیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایم وی اے کی ساتھی پارٹی کانگریس-شیوسینا (یو بی ٹی) نے مبینہ طور پر آئندہ لوک سبھا، اسمبلی یا بلدیاتی انتخاب میں این سی پی (شرد پوار) کے بغیر لڑنے کے لیے ‘پلان بی’ یا ‘پلان سی’ تیار کر رکھا ہے۔ شرد پوار نے کہا کہ “ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ یہ افواہ صرف میڈیا میں ہے، حقیقت کچھ اور ہے۔ جب میں گزشتہ ہفتے اجیت پوار سے ملا تو انھوں نے میرے لیے ایسی کوئی تجویز نہیں پیش کی۔”
واضح رہے کہ کانگریس لیڈر وجئے وڈیتیوار اور سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے حال ہی میں کہا تھا کہ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اجیت پوار کے لیے قبل میں شرط رکھی تھی کہ وہ تبھی وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں جب وہ اپنے چچا کو بی جے پی کے ساتھ لانے میں کامیاب ہوں گے۔ انھیں مرکزی کابینہ میں جگہ یا نیتی آیوگ کی صدارت سے نوازا جائے گا۔
بہرحال، بی جے پی اور وزیر اعظم مودی پر نشانہ سادھتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ بھگوا پارٹی لوگوں کے درمیان نفرت پھیلانے میں لگی ہوئی ہے اور اس کے فیصلوں کے نتیجہ کار سماج میں مختلف ذاتوں اور مذاہب کے درمیان تنازعہ یا تلخی پیدا ہوتی ہے۔ پوار نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے دن پی ایم مودی نے منی پور پر 2 منٹ، اور دیگر ایشوز پر دو گھنٹے تک بات کی۔ انھوں نے نہیں سوچا کہ یہ اہم تھا یا انھیں منی پور جانا چاہیے اور وہاں کے لوگوں کا اعتماد بڑھانا چاہیے۔
سابق مرکزی وزیر دفاع شرد پوار نے آگاہ کیا کہ منی پور چین کی سرحد کے پاس ہے اور اس لیے اس ریاست پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ تین مہینوں سے وہاں جو کچھ بھی ہو رہا ہے، وہ ملک کے لیے خطرناک ہے۔ شرد پوار نے وزیر اعظم مودی کے یومِ آزادی پر دی گئی تقریر کا تذکرہ کیا، جس میں انھوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2024 میں اقتدار میں لوٹیں گے۔ شرد پوار نے کہا کہ ملک میں موجودہ حالات بی جے پی کی واپسی کے لیے موافق نہیں ہے، چاہے وہ ‘واپس آنے’ کا کتنا بھی دعویٰ کریں ان کا انجام دیویندر فڑنویس جیسا ہی ہوگا۔
این سی پی چیف نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کی منتخب ریاستی حکومتوں کو کمزور کرنے کی کوششیں چل رہی ہیں، جیسا کہ گوا، مدھیہ پردیش یا مہاراشٹر اور دیگر جگہ دیکھا گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ عوام اب یہ سب برداشت نہیں کرے گی اور بی جے پی کو سبق سکھائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔