تعلیم کے میدان میں بڑی تبدیلی۔ پانچویں اور آٹھویں جماعت میں نو ڈیٹینشن پالیسی ختم
نئی دہلی: مرکزی حکومت نے پرائمری سطح پر تعلیم میں بہتری کے لیے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے ‘نو ڈیٹینشن پالیسی’ کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت اب پانچویں اور آٹھویں جماعت کے طلباء کو اگلی جماعت میں ترقی صرف اسی صورت میں دی جائے گی جب وہ امتحانات میں کامیاب ہوں۔
اب تک طلباء کو بغیر امتحان پاس کیے اگلی جماعت میں ترقی دی جا رہی تھی لیکن حکومت کے نئے فیصلے کے مطابق اگر کوئی طالب علم امتحان میں ناکام ہو جاتا ہے تو اسے 2 ماہ کے اندر دوبارہ امتحان دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ تاہم اگر وہ دوسری بار بھی ناکام ہوتا ہے تو اسے اگلی جماعت میں ترقی نہیں دی جائے گی۔
مرکزی محکمہ تعلیمات کے سکریٹری سنجے کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اس پالیسی کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ شرط بھی رکھی گئی ہے کہ آٹھویں جماعت تک کسی بھی طالب علم کو اسکول سے نکالا نہیں جائے گا۔
حکومت کے مطابق اس فیصلے کا مقصد یہ ہے کہ طلباء میں پڑھائی کا شعور بیدار ہو اور تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔