[]
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے منگل کو کہا کہ اس موقع پر پارٹی ہیڈکوارٹر میں تقریب منعقد ہونی تھی اور اگر وہ لال قلعہ جاتے تو پارٹی کی یوم آزادی کی تقریب میں شرکت نہیں ہوتی۔
لال قلعہ میں منعقدہ تقریب کے دوران کھڑگے کے لیے مخصوص کرسی پورے پروگرام کے دوران خالی رہی۔ اس کو لے کر بی جے پی لیڈروں نے کانگریس کو بھی نشانہ بنایا۔
مسٹر کھڑگے نے کانگریس ہیڈکوارٹر پر پرچم کشائی کی۔ جب صحافیوں نے اس سلسلے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ کانگریس دفتر میں ترنگا لہرایا جانا تھا۔ اگر وہ لال قلعہ جاتے تو وزیر اعظم کے پروگرام کی وجہ سے وہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات ہوتے اور وہ لال قلعہ جاتے تو پارٹی کے پروگرام میں شرکت نہ کر پاتے۔ یہ سوچ کر انہوں نے لال قلعہ نہ جانے کا فیصلہ کیا۔
پارٹی نے مسٹر کھڑگے کے لال قلعہ پر نہ پہنچنے کے بارے میں یہ بھی کہاکہ ’’اگر مسٹر کھڑگے لال قلعہ میں تقریب میں گئے ہوتے تو وہ پرچم کشائی کے لیے وقت پر گھر اور پارٹی دفتر نہیں پہنچ پاتے۔ سیکورٹی وجوہات کی بناء پر وہ لال قلعہ سے جلد نکل نہیں جا سکتے تھے۔ انہیں کم از کم دو گھنٹے وہاں رہنا پڑتا۔”