[]
حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے علاقہ نامپلی میں یکمینار مسجد چوراہے قریب واقع ایک پٹرول پمپ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ ہندوستان پیٹرولیم کا ایک ٹینکر ایچ پی پٹرول پمپ پر آئیل بھرنے آیا تھا لیکن اس دوران اچانک ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ آگ لگتے ہی وہاں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ خوف کے عالم میں جان بچانے کیلئے دوڑتے ہوئے دیکھے گئے۔
اس دوران گوشہ محل کے ٹریفک اے سی پی دھن لکشمی موقع پر پہنچ گئے اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کو پیٹرول پمپ تک پھیلنے سے روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ فائر آفیسر وینکنّا نے بتایا کہ اگر آگ پیٹرول پمپ تک پھیل جاتی تو بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔ متعلقہ پولیس آگ لگنے کی وجہہ کا پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہے۔ اس حادثہ میں کسی بھی طرح کے جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔