پرانے شہر میٹرو کا کام یکم جنوری سے شروع ہوگا، متاثرہ پراپرٹی مالکان کو 65 ہزار روپے فی مربع گز معاوضہ دیا جائے گا: این وی ریڈی
صدائے حسینی ڈیلی نے آج میٹرو ہیڈ آفس رسول پورہ میں میٹرو ریل کے سربراہ این وی ریڈی کا خصوصی انٹرویو کیا۔ اس دوران مینیجنگ ڈائریکٹر میٹرو ٹرین این وی ریڈی نے بتایاکہ پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کے تعمیراتی کام کا آغاز یکم جنوری سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو کے منصوبے سے متاثر ہونے والی جائیدادوں کے مالکان کو فی مربع گز 65 ہزار روپے سے زائد معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
جب صدائے حسینی نے پرانے شہر میٹرو ٹرین کے حوالے سے عوامی اعتراضات، خاص طور پر تاریخی ورثے کو ممکنہ نقصان پہنچنے کے خدشات پر سوال کیا، تو این وی ریڈی نے ان اعتراضات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو ریل انتظامیہ پرانے شہر کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں ماہرینِ آثار قدیمہ اور مقامی افراد کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کیا گیا اور تاریخی مقامات کوئی نقصان نہیں پہنچیگا
یہ اعلان علاقے کے عوام میں ملی جلی رائے کا سبب بنا ہے۔ کچھ لوگ بہتر سفری سہولیات کے لیے اس منصوبے کا خیرمقدم کر رہے ہیں، جبکہ دیگر اب بھی تاریخی ورثے کے تحفظ اور بے دخلی کے مسائل پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ تعمیراتی کام کے آغاز کے ساتھ ہی ان معاملات پر گہری نظر رکھی جائے گی۔