صدر ایران ابراہیم رئیسی  کا دورہ پاکستان، کراچی میں تمام نجی و سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند

[]

اسلام آباد: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی آج کراچی اور لاہور کا دورہ کررہے ہیں۔ اس موقع پر دونوں شہروں میں تعطیل کااعلان کیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق دونوں شہروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ کراچی میں تمام نجی و سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

دوسری جانب، تاجروں نے صدر کی تمام مارکیٹیں اور شاپنگ مال بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ایرانی صدر پہلے لاہور جائیں گے اور اس کے بعد کراچی پہنچیں گے، ابراہیم رئیسی کی کراچی آمد کے موقع پر شہر میں مختلف قسم کی تیاریاں کی گئی ہیں، شارع فیصل پر وزیراعظم اور صدرِ پاکستان کی جانب سے خوش آمدید کے بینر آویزاں کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی 22 اپریل (پیر) سے 24 اپریل (چہارشنبہ) تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں، 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی حجم قابل قبول نہیں ہے، ہم نے پہلے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی تھی، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے اس میں شرکت کی تھی، تقریب میں پاکستان اور ایران نے 8 سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *