[]
حیدرآباد: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعہ کے روز کانگریس کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی آوٹ ڈیٹیڈ ہوتی جارہی ہے اور یہ پارٹی سیاسی میدان میں اپنی اہمیت اور مطابقت کھوتی جارہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی، اقتدار میں آنے کیلئے نہیں بلکہ ملک کی تعمیر کیلئے سیاست کرتی ہے۔
مرکزی وزیر کشن ریڈی کے پرچہ نامزدگی کے ادخال سے قبل مجموعہ سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کانگریس پر شدید تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ آربی آئی کے سابق گورنر ڈی سبا راؤ نے اپنی کتاب میں تحریر کیاکہ یو پی اے دور حکومت میں ان پر ملک کی معیشت کو ”روزی پکچرس“ پیش کرنے پر دباؤ ڈالا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی مداخلت پر روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو 4گھنٹوں سے زائد وقت روکدیا گیا تاکہ ہندوستان کو اپنے شہریوں کوبحفاظت منتقل کرنے میں سہولت مل سکے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ میں آپ سے یہ کہنا چاہتاہوں کہ اب کانگریس بالکلیہ آوٹ ڈیٹیڈ (پرانی)ہوتی جارہی ہے اور اس پارٹی کا تیزی کے ساتھ عوام میں اور سیاسی میدان سے اعتماد کھوتا جارہا ہے۔
کانگریس، خوشامدی سیاست میں ملوث ہے۔ اسی لئے وہ سیاست میں آئی ہے۔ بی جے پی، ذات، مذہب،نسل، پر سیاست نہیں کرتی۔ بھگوا جماعت، تشکیل حکومت کیلئے سیاست نہیں کرتی۔ بی جے پی ایسی پارٹی ہے جو ملک کی تعمیر پر سیاست کرتی ہے۔
کانگریس اور بی آر ایس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر دفاع نے مزید کہا کہ تلنگانہ میں برسر اقتدار جماعت کانگریس کو انتخابی وعدوں پر عمل آوری کے بغیر دیگر کے حوالہ جات دینے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی وجہ سے نہیں بلکہ سینکڑوں طلبہ ونوجوانوں کی قربانیوں اور ان کی جدوجہد کے سبب علیحدہ تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا ہے مگر نئی ریاست کی تشکیل کا سہرا کے سی آر کے سر نہیں باندھنا چاہئے۔
سابق کانگریس حکومتوں میں کرپشن کی تفصیلات پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ اٹل بہاریواجپائی اور وزیراعظم نریندر مودی حکومتوں میں کرپشن کا ایک بھی الزام عائد نہیں کیا گیا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مودی کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے 7 سال بعد ہندوستان کا تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت میں شمار ہونے اور ہندوستان دنیا کی پانچوں یں بڑی معیشت بن گئی جبکہ2027 تک ہندوستان دنیا کی تیسری بڑی معیشت بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر، آئین کی دفعہ37 کی برخاستگی اور طلاق ثلاثہ کی تنسیخ کے وعدہ کو پورا کیا ہے۔ سی اے اے سے متعلق گمراہ کن اطلاعات پھیلائی جارہی ہیں جبکہ سی اے اے کے تحت ملک کے اقلیتوں کی شہریت محفوظ رہے گی۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ مودی کی حکومت نے25کروڑ افراد کو خط غربت کی ریکھا سے باہر نکالا ہے۔