[]
کولکتہ: مرکزی وزیر شانتانوٹھاکر نے جو مغربی بنگال کی بون گاؤں لوک سبھا نشست سے دوبارہ الیکشن لڑرہے ہیں، آج متوا برادری کے ارکان سے اپیل کی کہ وہ سی اے اے کے تحت شہریت کیلئے درخواست دیں۔ اگر ان کے پاس پہلے سے ووٹنگ کے حقوق موجود ہوں تب بھی وہ درخواست دیں۔
واضح رہے کہ متوا برادری کے ارکان 2014 سے پہلے ہندوستان منتقل ہوئے تھے۔ ٹھاکر نے اپنے حلقہ میں جہاں متوا برادری کے ارکان کی کثیر تعداد ہے، ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا اگرچہ کہ وہ اس ملک کے مصدقہ شہری ہیں اس کے باوجود وہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے تحت شہریت حاصل کرنے کیلئے درخواست دیں گے۔
ٹھاکر نے کہا کہ سی اے اے کے تحت نئی شہریت کیلئے درخواست دینے سے آپ تمام فوائد بشمول شہریت کا مستقل ثبوت حاصل کرسکیں گے جو پاسپورٹ اور ویزا کے حصول کیلئے ضروری ہے۔ ہزاروں جائز شہریوں کو کیمپوں میں بھیجنے اور الیکشن سے پہلے سماج میں پھوٹ ڈالنے کا حربہ استعمال کرنے بی جے پی پر ٹی ایم سی اور دیگر جماعتوں کے الزام کا جواب دیتے ہوئے ٹھاکر نے یہ بات کہی۔
ترنمول کانگریس کے ترجمان شانتانو سنگھ نے ٹھاکر کا مذاق اڑایا اور بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ متوا برادری کے ارکان اور دیگر تارکین وطن ہندوؤں کو گمراہ کررہی ہے۔ کیونکہ وہ لوگ پہلے ہی سے ملک کے شہری ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے عام انتخابات سے عین قبل سی اے اے کا اعلان کیا ہے کیونکہ اس کی نظر ہندو ووٹوں پر ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا شانتانوسنگھ نے سوال کیا کہ اگر شانتانوٹھاکر پہلے سے شہری ہیں تو پھر انہیں سی اے اے کے تحت ایک بار پھر شہریت کیلئے درخواست دینے کی کیا ضرورت ہے۔
کیا وہ کچھ چھپا رہے ہیں، کیا نریندرمودی نے کسی ایسے شخص کو اپنی کابینہ میں شامل کرلیا ہے جو پہلے سے ملک کا شہری نہیں ہے۔