منصف ٹی وی کے ’مشن 2024‘ کانکلیو کا کامیاب انعقاد

[]

حیدرآباد: ملک کے معروف اردو سٹلائٹ چیانل منصف ٹی وی نے حیدرآباد میں میگا کانکلیو کا انعقاد کیا۔ مشن 2024لوک سبھا انتخابات اور ہماری ذمہ داریوں کے موضوع پر ہوٹل کوہ نورتاج دکن بنجارہ ہلز حیدرآباد میں اس کانکلیو کا انعقاد کیاگیا

جس میں مختلف سیاسی پارٹیوں سے وابستہ لیڈران،سماجی شخصیات، مذہبی رہنماؤں اور دیگر سرکردہ افراد نے شرکت کی جن میں قابل ذکر تلنگانہ کے سابق وزیر داخلہ محمد محمود علی، بی جے پی لیڈر ظفر اسلام، شاہنواز حسین، کانگریس لیڈر ان پون کھیرا،ہریش راوت، جموں کشمیر کی بی جے پی لیڈر ڈاکٹر درخشاں اندرابی، ایم بی ٹی لیڈر امجد اللہ خان خالد، خلیق الرحمان خان، شجاعت علی صوفی آئی آئی ایس، میر ایوب علی خان، سید اسلام الدین مجاہد کے نام شامل ہیں۔

کان کلیو میں مختلف موضوعات پر پینل ڈسکشن کرائے گئے جبکہ کچھ لیڈروں سے ورچول تبادلہ بھی خیال کیاگیا۔ اس پروگرام میں خواتین کو با اختیار بنانے کے موضوع پر بھی گفتگو کی گئی۔ مقررین نے موجودہ سیاسی منظر نامہ اور آئندہ لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے اپنے خیالات کااظہار کیا۔

انہوں نے اقلیتوں خاص کر مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کرنے، نوجوانوں کو بہتر تعلیم و تربیت فراہم کرنے، حالات سے نہ گھبرانے اور سیاسی حصہ داری بڑھانے پر زور دیا۔ مقررین نے ووٹنگ کو لیکر لوگوں خاص کر نوجوانوں میں عدم دلچسپی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ہر ایک ووٹ کافی اہمیت کا حامل ہے۔

موجودہ حالات میں علماء کرام کو بھی اہم رول ادا کرنے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر مقررین اور دیگر معزز شخصیات نے اس اہم موضوع پر کامیابی کے ساتھ کانکلیو منعقد کرنے پر منصف ٹی وی کو مبارکباد دی اوراس کے انعقاد میں شامل پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

پینل ڈسکشن میں ایم بی ٹی لیڈر امجد اللہ خان خالد، کانگریس ترجمان شجاعت علی صوفی، سیاسی تجزیہ نگار خلیق الرحمان، مولانا شیخ شفیق عالم خان، پروفیسر محمد ذوالفقار محی الدین، پروفیسر صدیق محمود نے حصہ لیا۔ اس دوران موجودہ حالات میں علماء کرام کے رول، مسلمانوں کی سیاسی نمائندگی بڑھانے،

ووٹ کی اہمیت سمیت دیگر موضوعات پر تفصیلی بات کی گئی۔ایم بی ٹی لیڈر امجد اللہ خان نے پیانل ڈسکشن میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ خاص طورپر نوجوانوں کو سیاسی تربیت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ مساجد اور علماء کرام کو بھی سیاست سے جوڑاجانا چاہئے۔

شجاعت علی صوفی ترجمان کانگریس نے گذشتہ اسمبلی انتخابات میں علماء کی جانب سے کانگریس اور بی آر ایس دونوں کی الگ الگ تائید اور مخالفت پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ علماء اکرام کو اپنے ایسے فیصلوں پر غور کرنا چاہئے جس کی وجہ سے قوم دو حصوں میں بٹ گئی تھی۔

انہوں نے علماء اکرام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں واضح فیصلہ لیں اور فرقہ پرستی کے خلاف جدوجہد کرنے والی جماعتوں کی تائید کریں۔ اس کانکلیو میں منیجنگ ڈائرکٹر منصف ٹی وی سید عمران الدین اور فیصل عبداللہ آر آر گروپ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ حبیب نصیر سی ای او اور ایڈیٹر انچیف منصف ٹی وی نے پروگرام کی نگرانی کی۔

اس کے علاوہ کانکلیو کو کامیاب بنانے میں منصف ٹی وی کی ٹیم خاص طورپر خورشید ربانی‘ اعظم اعظمی‘ عبدالرحیم اور سید احمد جیلانی اور دیگر کے ساتھ ساتھ میڈیا پارٹنر روزنامہ منصف نے اہم رول ادا کیا۔ واضح رہے کہ منصف ٹی وی اس سے قبل راجستھان کے جئے پور کے علاوہ حیدرآباد میں ’گلوبل ہیلتھ کانکلیو۔ 2024 بھی منعقد کرچکاہے جس میں ملک و بیرون ممالک کے ماہر ڈاکٹروں نے حصہ لیا۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *