[]
حیدرآباد: جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی (جے این ٹی یو) حیدرآباد چہارشنبہ 21 فروری کو تلنگانہ اسٹیٹ انجینئرنگ، ایگریکلچر اینڈ فارمیسی کامن انٹرینس ٹیسٹ (TS EAPCET) 2024 کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
آن لائن درخواستیں جمع کرانے کا عمل ویب سائٹ https://eapcet.tsche.ac.in/ پر 26 فروری سے شروع ہوگا اور بغیر کسی تاخیر کے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 اپریل مقرر کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس سال امیدواروں کی EWS تفصیلات رجسٹریشن کے وقت ہی حاصل کی جائیں گی۔ داخل کردہ درخواست فارم میں دی گئی تفصیلات میں کوئی تبدیلی کرنے کے لئے ایڈٹ آپشن کی سہولت 8 سے 12 اپریل تک دستیاب ہوگی۔
250 روپے اور 500 روپے کی لیٹ فیس کے ساتھ آن لائن رجسٹریشن درخواستیں بالترتیب 9 اور 14 اپریل تک قبول کی جائیں گی۔ اسی طرح امیدوار 19 اپریل اور 4 مئی تک بالترتیب 2,500 روپے اور 5,000 روپے کی لیٹ فیس کے ساتھ بھی آن لائن درخواست داخل کرسکتے ہیں۔
یکم مئی سے ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں جبکہ 9 مئی سے کامن انٹرنس ٹسٹوں کا آغاز ہوگا جن کی تفصیل اس طرح ہے۔
انجینئرنگ اسٹریم کا ٹیسٹ 9 اور 10 مئی کو ہوگا جبکہ اگریکلچر اور فارمیسی کے ٹیسٹ 11 اور 12 مئی کو ہوں گے۔ دونوں ٹیسٹ دو سیشنز یعنی صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے اور دوپہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک ہوں گے۔
اس سال انٹرنس ٹیسٹ میں پہلے اور دوسرے سال کے انٹرمیڈیٹ کے نصاب کا 100 فیصد احاطہ کیا جائے گا۔ پچھلے سال کی طرح یہ امتحان ذو لسانی یعنی انگریزی اور تلگو اور انگریزی اور اردو میں لیا جائے گا۔
اگر تلگو یا اردو ورژن میں موجود پرچہ سوالات میں تضادات ہوتے ہیں تو انگریزی ورژن کو حتمی تصور کیا جائے گا۔ جے این ٹی یو-حیدرآباد نے ہیلپ لائن نمبرات 7416923578 اور 7416908215 کا بھی انتظام کیا ہے۔