[]
نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے اور سابق صدر راہول گاندھی نے منگل کو کہا کہ مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنتے ہی مختلف فصلوں کے لیے ایم ایس پی کی گارنٹی والا قانون بنایا جائے گا۔
کانگریس لیڈروں نے کہا کہ کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی ملک بھر کے کسانوں کا دیرینہ مطالبہ ہے اور اگر وہ اقتدار میں آئیں گے تو کسانوں کی یہ مانگ سب سے پہلے پوری کی جائے گی۔
گاندھی نے کہا، “کسان بھائیو، آج ایک تاریخی دن ہے۔ کانگریس نے ہر کسان کو فصل پر سوامی ناتھن کمیشن کے مطابق ایم ایس پی کی قانونی ضمانت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ قدم 15 کروڑ کسان خاندانوں کی زندگیوں کو بدل کر ان کی خوشحالی کو یقینی بنائے گا۔ کانگریس کی ضمانت۔”
کھرگے نے کہا، “مودی حکومت کسانوں کی آواز پر لگام لگا رہی ہے۔ کسانوں کے مفاد میں ایم ایس پی کو قانونی درجہ دیا جائے گا۔” دریں اثنا، کانگریس کے جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دارالحکومت دہلی کو ‘پولیس چھاؤنی’ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
کانگریس کسانوں کے انصاف کے مطالبے کی حمایت کرتی ہے۔ پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی جی بھی کسانوں کے انصاف کے لیے لڑ رہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم خود کسانوں سے بات کریں اور انہیں انصاف دیں۔