یمن کے خلاف امریکی جارحیت ملطق شرارت ہے، عبدالملک الحوثی

[]

مہر خبررساں ایجنسی نے المسیرہ ٹی وی چینل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک بدر الدین الحوثی نے حسین بن بدر الدین آل کی 20ویں برسی کے موقع پر اپنے خطاب میں خطے اور دنیا کے مختلف مسائل پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہاکہ 11 ستمبر کے واقعات کو صہیونیوں نے مسلمانوں پر براہ راست غلبہ حاصل کرنے، ان کی شناخت چھیننے اور ان کے ممالک پر قبضہ کرنے کا بہانہ بنایا تھا۔

انہوں نے گذشتہ برسوں میں عالم اسلام پر فوجی، اقتصادی، سیکورٹی، سیاسی، فکری اور ثقافتی تسلط حاصل کرنے کے لیے امریکہ کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ امریکہ نے تکفیریوں کو اقوام عالم پر مسلط کر کے ان کی سلامتی کو کنٹرول کرنے کوشش کی اور ہر قسم کے جرائم پھیلانے کے ساتھ مسلمانوں کے اندر فتنوں کے بیج بو دئے۔

عبد الملک حوثی نے مزید کہا کہ امریکہ نے سکیورٹی فورسز کو جنگی تنازعات میں الجھانے کی کوشش کی جو صرف اس ملک کے ایماء پر کام کرتی ہیں اور امریکہ کا حملہ صحیح معنوں میں مطلق شرارت ہے۔

عبد الملک الحوثی کی نگاہ میں امریکی تسلط کے مختلف پہلو

یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے امریکی تسلط کے کئی پہلووں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی تسلط کی مختلف جہتیں ہیں جن میں سب سے اہم اور خطرناک پہلو عسکری تسلط ہے جو خطے میں اڈوں کے قیام اور فوجیوں کے ذریعے جاری ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اقتصادی تسلط بھی امریکی سامراجیت کا شرمناک پہلو ہے جو کسی بھی اقتصادی تحریک کو مختلف اقدامات کے ذریعے بحران کا شکار کر دیتا ہے اور اس طرح قوموں کی معاشی پیداوار کے میدان میں کسی بھی قسم کی ترقی کو روکنے اور ممالک کے وسائل کو یرغمال بنانے کی شیطانی پالیسیاں بناتا ہے۔

یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے کہا کہ امریکی استکبار کے شرمناک تسلط کا ایک اور میدان خطے کی سکیورٹی اور سلامتی ہے۔ جہاں تکفیریوں کے جہادی جتھے بنا کر خطے کی مسلم اقوام کے خلاف فتنہ پروری اور دہشت گردی کو ہوا دی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی تسلط کی ایک اور جہت سیاسی ہے۔ جہاں سیاسی تنازعات کو ہوا دے کر خطے کے استحکام کو سبوتاژ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے امریکی استکبار کی شرارتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ثقافت بھی امریکی تسلط کا ایک اور اہم میدان ہے جہاں تعلیمی نظام اور مذہبی اصولوں کو نشانہ بنا کر امریکی غلامی کی تعلیم دی جاتی ہے جو خطے کی آزاد اقوام اور ملت اسلامیہ کے لئے نہایت خطرناک ہے۔ لہذا اقوام عالم کو امریکی استکبار اور یورپی استعمار کے خلاف نبردآزما ہونا چاہئے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *