[]
واشنگٹن: امریکہ نے ہندوستان کو 3 ارب ڈالر مالیت کے ڈرون کی فروخت روک دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ نے ہندوستان سے خالصتان کے حامی سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش کی معنی خیز تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ گرپتونت سنگھ پنوں کے خلاف سازش کی مکمل تحقیقات تک مودی سرکار کو ڈرون فروخت نہیں کیے جائیں گے۔جون 2023 میں ہندوستانی حکومت کے عہدیداروں کی جانب سے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ پنوں نیویارک میں رہائش پذیر ہیں اور امریکی اور کینیڈا کی دہری شہریت رکھتے ہیں۔
نومبر 2023 میں ہندوستانی ایجنٹ کو امریکی ایجنسی نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد اس نے گرپتونت سنگھ کے قتل میں ہندوستانی حکام کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
گرپتونت سنگھ پر حملہ سے ایک ہفتہ قبل امریکہ اورہندوستان کے درمیان ڈرون خریداری کا معاہدہ طے پایا تھا تاہم پنوں کے قتل کی کوشش پر ڈرون کی ڈیل کو امریکی کانگریس میں مسترد کرتے ہوئے ڈرون کی فروخت کے لیے درکار قانونی کارروائی کو منجمد کردیا۔
تین بلین ڈالر کی مجوزہ خریداری میں بھارتی بحریہ کے لیے 15 سی گارڈین ڈرون شامل تھے جبکہ بھارتی فضائیہ اور فوج کو 8، 8 اسکائی گاڈین ڈرون ملنا تھے۔