[]
نئی دہلی: ہندوستان نے جمعہ کو ملک کے 75ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر یہاں اپنی فوجی طاقت اور ثقافتی وراثت کا مظاہرہ کیا، وہیں ’ناری شکتی‘ نے بھی پریڈ کی قیادت کرتے ہوئے اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے خواتین کی طاقت اور جمہوری اقدار کا مشاہدہ کیا۔
مرکزی تقریب کا آغاز بہادر فوجیوں کے اعزاز میں قومی جنگی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھانے سے ہوا۔ اس کے تھوڑی دیر بعد صدر دروپدی مرمو اور ان کے فرانسیسی ہم منصب میکرون ایک ‘روایتی چھوٹی گاڑی’ میں کرتویہ پتھ پر پہنچے۔
صدر مملکت نے کرتویہ پتھ پر قومی ترانہ بجانے اور 21 توپوں کی سلامی کے درمیان قومی پرچم لہرایا۔ یوم جمہوریہ کی پریڈ کی تاریخ میں پہلی بار تینوں سروسز – فوج، بحریہ اور فضائیہ کے ملٹری پولیس کور – کی خواتین سپاہیوں کے دستے نے مارچ کیا۔
پریڈ کا آغاز 100 سے زائد خواتین فنکاروں نے روایتی فوجی بینڈ کے بجائے پہلی بار شنکھا، نداشورم، ناگارا جیسے ہندوستانی موسیقی کے آلات بجا کر کیا۔ “ثقافتی وراثت اور خواتین کی طاقت” کے شاندار نمائش میں ‘وندے بھارتم ناری شکتی’ کے بینر تلے 1500 رقاصوں کے ایک گروپ نے تنوع میں اتحاد کے پیغام کے ساتھ پریڈ کا انعقاد کیا۔ 30 الگ الگ لوک رقص کے انداز بشمول اوڈیسی، منی پوری، عصری کلاسیکی رقص اور بالی ووڈ کے انداز پیش کیے گئے۔
پریڈ کے دوران مسلح افواج نے ملکی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی ایک متنوع رینج کی نمائش کی جس میں میزائل، ڈرون جیمرز، نگرانی کے نظام، گاڑیوں میں نصب مارٹر اور بی ایم پی-II انفنٹری فائٹنگ وہیکلز شامل ہیں۔
تقریب میں فرانسیسی مسلح افواج کے کمبائنڈ بینڈ اور مارچنگ اسکواڈ نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔