[]
حیدرآباد: ایودھیا میں پیر کے روز رام مندر کے افتتاح سے قبل دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے بشمول ریاست بھر میں پولیس کی جانب سے وسیع تر صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ریاستی پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے تمام کمشنرس اور ضلع ایس پیز سے بات کرتے ہوئے انہیں سخت صیانتی انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام حساس علاقوں میں چوکس رہیں اور ان پر سیکوریٹی منصوبہ پر جامع انداز میں عمل کرنے پر زوردیا گیا ہے۔
سیکوریٹی بندوبست میں مقامی پولیس کو تلنگانہ اسپیشل پولیس، گرے ہانڈس، آرمڈ ریزرو اور مرکزکے نیم فوجی دستوں کا تعاون حاصل رہے گا۔ فرقہ وارانہ حساس علاقوں میں آر اے ا یف فورس کو تیار حالت میں رکھا گیا ہے۔
ڈی جی پی روی گپتا نے بتایاکہ شہر حیدرآباد میں مقامی پولیس کو سٹی ریاپڈ فورس، کمشنر ٹاسک فورس، ٹی ایس پی کی مدد حاصل رہے گی۔ بنجارہ ہلز میں واقع پولیس کمانڈ کنٹرول روم سے عوام کی نقل وحرکت پر قریبی نظر رکھی جائے گی۔ دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں پولیس کو چوکس کردیا گیا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی طلایہ گردی میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے حساس اور انتہائی حساس علاقوں، مقامات، چوراہوں کے علاوہ عبادت گاہوں کے قریب پولیس کے مسلح دستوں کو تعینات کردیا گیا۔ پرانے شہر میں بھی پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جاسکے۔
بتایاجاتا ہے کہ چارمینار، مغلپورہ، سعید آباد، دبیرپورہ، یاقوت پورہ، بہادرپورہ، فتح دروازہ اور دیگر علاقوں میں پولیس پکٹس کو تعینات کیا گیا ہے۔