[]
حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی کے صدر و مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا ہے کہ بی آر ایس پارٹی کو ووٹ دینا موسی ندی میں ضائع کرنے کے برابر ہوگا۔ انہوں نے اتوار کو پارٹی آفس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں عوام بی آر ایس کو ووٹ دیتے ہیں تو یہ ووٹ موسی ندی میں پھینکنے کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس ساڑھے نو سال اقتدار میں رہنے کے باوجود ریاست کیلئے کچھ نہیں کر سکی۔ یہاں تک کہ اس نے ایک مکان بھی نہیں بنایا۔ اس کے برعکس مرکز کی بی جے پی حکومت نے 4 کروڑ گھر بنائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کو ووٹ دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، جو مرکز میں نہیں ہے اور ریاست میں کبھی نہیں آئے گی۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں ملازمین کو تنخواہیں بھی وقت پر ادا نہیں کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں برسراقتدار آنے والی کانگریس حکومت بھی ابھی تک حکمرانی پر اپنی گرفت نہیں بناپائی ہے۔ ان کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں ہے کہ دی گئی ضمانتوں پر عمل درآمد کیسے کیا جائے۔