اسپیشل اردو ڈی ایس سی منعقد کرنے کا ریاستی وزیر سیتااکا سے میوا، نرمل کا مطالبہ

[]

نرمل،11/جنوری(پریس نوٹ) مائناریٹیز ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن (میوا) و ٹی ایس پی ٹی اے ضلع نرمل صدر شیخ شبیرعلی کی قیادت میں میوا کے نمائندہ وفد نے متحدہ ضلع عادل آباد کی انچارج وزیر سیتااکا سے ان کے نرمل دورہ کے موقع ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری یادداشت پیش کی۔

 

جس میں ضلع نرمل میں اساتذہ پر عائد لائیو لوکیشن کے لزوم کو برخاست کرنے، جی او 317 کی وجہ سے بند شدہ اردو میڈیم کے 12 پرائمری اسکولوں کو دوبارہ کشادہ کرنے، ایم پی یو پی ایس، صوفی نگر،نرمل منڈل اور ایم پی یوپی ایس سورنا، سارنگ پور منڈل کو دسویں جماعت تک ترقی دینے اور درکار عملے کی آسامیاں منظور کرنے، ضلع پریشد سیکنڈری ہائی اسکول ،مامڑہ کے لئے اساتذہ کی آسامیاں منظور کرنے، اردو میڈیم پرائمری اسکولوں کے لئے ایل ایف ایل ہیڈماسٹر کی آسامیاں منظور کرنے، اردو میڈیم ہائی اسکولوں کے لئے پی ای ٹی کی آسامیاں منظور کرنے، سرکاری اسکولوں کو مفت برقی سربراہ کرنے، فوری ودیا والینٹرس فراہم کرنے، ریاست بھر میں اردو میڈیم کی مخلوعہ آسامیوں کو پر کرنے کے لئے اسپیشل اردو ڈی ایس سی منعقد کرنے کا پر زور مطالبہ کیا گیا

 

۔اس کے علاوہ تمام اسکولوں میں صفائی مزدوروں کو تقرر کرنے اور ریاست گیر سطح پر اردو آنگن واڑی سنٹر قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اردو اکیڈمی کے 234 بیسٹ ٹیچرس کی زیر التواء رقم فی کس 25 ہزار روپئے فوری جاری کرتے ہوئے اساتذہ کی خدمات کا اعتراف کرنے کی بھی اپیل کی گئی۔ اس موقع پر شیخ شبیرعلی نے ریاستی وزیر کو بتایا کہ ریاست بھر میں صرف ضلع نرمل میں جان بوجھ کر لائیو لوکیشن کا لزوم عائد کرتے ہوئے اساتذہ کو ذہنی تناؤ دیا جارہا ہے،جس کی وجہ سے کئی اساتذہ حادثات کا شکار ہوئے اور بعض دنیا سے بھی چل بسے۔ جس کے باعث ان کے بچے یتیم ہوچکے ہیں۔وہیں دوسری جانب سرکاری اسکولوں کو مفت برقی کرتے ہوئے اسکول فنڈس پر عائد بوجھ کو ختم کرنے کو بھی ضروری قرار دیا۔

 

جس پر وزیر سیتااکا نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ اس سے قبل میوا صدر شیخ شبیرعلی نے ریاستی وزیر سیتااکا اور خانہ پور ایم ایل اے ویڈما بھوجو کو گلدستہ پیش کیا اور ان کی شالپوشی کی۔اس موقع ریاستی نائب صدر زیڈ۔ایچ مسعود اور ضلع قائدین انصار احمد ، آصف ، شکیل احمد صدیقی اور شیخ نبی موجود تھے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *