[]
ٹوکیو: وسطی جاپان اور آس پاس کے علاقوں میں آنے والے زبردست زلزلے کی وجہ سے ایشیکاوا میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
جاپان کی قومی خبر رساں ایجنسی کیوڈو نے منگل کو مقامی حکام کے حوالے سے یہ خبر دی۔ مقامی سٹی اتھارٹی کے مطابق مقامی علاقے کا ایک نوجوان بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔ مشہور سیاحتی مقام وجیما مارننگ مارکیٹ کے ارد گرد زبردست آگ بھڑک اٹھی جس نے لگ بھگ 200 عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شہر میں عمارتیں گر گئیں اور 14 افراد کے ملبہ تلے دبنے کی اطلاع ہے۔
دیگر میونسپلٹیز میں بھی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ نیگاتا، تویاما، فوکوئی اور گیفو صوبوں میں منہدم یا تباہ شدہ عمارتوں کی وجہ سے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
زلزلے سے متاثرہ لوگوں کو بچانے کو وقت کے خلاف جنگ قرار دیتے ہوئے جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی سیلف ڈیفنس فورسز کے دستے متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیے ہیں اور امداد فراہم کرنا جاری رکھے گی۔
قابل ذکر ہے کہ ایشیکاوا پریفیکچر کے جزیرہ نما نوٹو میں پیر کو زلزلے کے طاقتور جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ان کی بڑی ابتدائی شدت 7.6 تک تھی۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے اسے سرکاری طور پر 2024 کے نوٹو جزیرہ نما زلزلے کا نام دیا ہے۔ جاپان میں پیر سے اب تک 155 مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں۔