گڈی ملکاپور مارکٹ میں کچرے کے انبار اور تعفن, گاہکوں اور مقامی عوام کو تکالیف کا سامنا

[]

حیدرآباد: گڈی ملکاپور ترکاری مارکٹ جو اسمبلی حلقہ کاروان میں واقع ہے۔ جی ایچ ایم سی کے عملے اور مقامی عوامی نمائندوں کی لاپرواہی کے باعث اس مارکٹ کو جانے والے باب الداخلہ کی سڑک پر کچرے کا انبار ہے اور ڈرینج کا گندہ پانی بہہ رہا ہے۔

جبکہ اس مارکٹ کے اطراف میں شادی خانے‘ ریسیڈنشیل کامپلکس اور مذہبی عمارتیں موجود ہیں۔ مزید یہ کہ راہ گیروں بالخصوص ترکاری کی مارکٹ کو آنے والے گاہکوں اور مقامی عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس کچرے کے انبار اور ڈرینج کے گندے پانی پر گاڑیاں ٹھہرائی جاتی ہیں۔

جس سے اس علاقہ میں مچھروں کی بہتات اور بدبو پھیل رہی ہے۔ جس سے ترکاری مارکٹ کو آنے والے گاہک اور اطراف میں رہنے والے پریشان ہیں۔ مارکٹ کو آنے والے ایک گاہک نے بتایا کہ اس مارکٹ کو ٹولی چوکی‘ کاروان‘ مستعد پورہ‘ لنگر حوض‘ قلعہ گولکنڈہ‘ راجندر نگر‘ نانل نگر‘ محمدی لائین‘ بغدادی کالونی اور دیگر علاقوں کے لوگ روزانہ گھر میں استعمال ہونے والی اور شادی بیاہ دیگر تقاریب کے لئے ترکاری خریدنے کے لئے آتے ہیں جس میں غریب‘ متوسط طبقے اور دولتمند لوگ شامل ہیں۔

وہ بائیکس‘ کار اور دیگر گاڑیوں کے ذریعہ اس ترکاری مارکٹ کو پہونچتے ہیں۔ مارکٹ کے اندر بھی کچرے کے جابجا انبار پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی لوگ اس مارکٹ سے اپنا روزگار حاصل کرتے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور مقامی منتخب قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ روزانہ اس مارکٹ کی صفائی کے اقدامات کریں۔

مزید یہ کہ کچرے کے انبار کی نکاسی اور ڈرینج کا گندہ آلودہ پانی کے مسئلہ کو حل کرنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ مہدی پٹنم رعیتو بازار کی بہ نسبت گڈی ملکاپور میں کار پارکنگ اور دیگر سہولتیں موجود ہیں۔ انہوں نے میئر جی ایچ ایم سی گدوال وجئے لکلشمی اور کمشنر بلدیہ رونالڈ راس سے مطالبہ کیا کہ وہ گڈی ملکاپور کی مارکٹ کو ماڈرن مارکٹ کی طرح ترقی دیں۔

اس مارکٹ کے احاطے اور باہر کی سڑکوں پر کچرے کے انبار کی نکاسی‘ ڈرینج کا گندہ آلودہ پانی کو روکنے کا مسئلہ حل کریں۔ تاکہ اس کے ذریعہ اس ترکاری کی مارکٹ کے گاہکوں کو سہولت حاصل ہوسکے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *