[]
نئی دہلی: پارلیمنٹ کی سیکیوریٹی کے تعلق سے ہوئی کوتاہیوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ یہ بات ایک سرکاری عہدیدار نے آج یہاں بتائی اور کہا ہے کہ دہلی پولیس نے بعض ٹوٹے ہوئے اور جلائے گئے موبائل فونس کے ٹکڑے راجستھان کے ناگور سے برآمد کئے ہیں۔
پولیس نے بتایاہے کہ ملزمین کے خلاف اس سلسلہ میں ایف آئی آردرج کیاگیا ہے۔ پولیس نے مزیدبتایاہے کہ مذکورہ کیس کے سلسلہ میں گرفتار کردہ 6افراد میں شامل للت جھا کے کہنے پر ہم نے راجستھان کے ناگور کا دورہ کیا۔
جہاں سے موبائل فونس کے بعض ٹکڑے برآمد ہوئے ہیں۔ یہ بات تحقیقات کرنے والے عہدیدار نے بتائی اور کہا کہ دہلی پولیس کے خصوصی سیل کی ٹیم للت جھا کو راجستھان کے ناگور لے گئی جہاں پر اس نے ملزم مہیش کوماوت کے ساتھ قیام کیاتھا۔
پولیس کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ للت جھا اور مہیش کوماوت نے موبائل فونس کو تباہ کردیا تاکہ مذکورہ کیس سے متعلق تکنیکی ثبوت پر پردہ پوشی کی راہ ہموار ہوسکے۔
دہلی پولیس نے تاحال مذکورہ کیس کے سلسلہ میں 6افراد کو گرفتارکرلیا ہے‘ جن کا نام ساگرشرما‘ منورنجن ڈی‘ امول شنڈے‘ نیلم دیوی‘ للت جھا اور مہیش کوماوت بتائے گئے ہیں۔ بعد میں للت جھا اور کوماوت دہلی آئے اور خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔