[]
پدوگورالہ (اے پی) : ریاست آندھرا پردیش میں پدوگورالہ کے مقام پر ازدواجی تنازعہ میں ایک رشتہ دار نے ایک خاندان کے 3افراد کا چاقو گھونپ کر قتل کردیا گیا۔ ثلاثہ قتل کا یہ واقعہ جمعرات کے روز صبح میں منظر عام پر آیا۔
پولیس نے کہا کہ28 سالہ ڈی سرینواس راؤ نے اپنے بہنوئی 32سالہ اے نریش، اس کے والد 63 سالہ اے سامبا شیوا راو اور ان کی والدہ60 سالہ اے ادی لکشمی کو پدوگورالہ منڈل (ضلع پالنا ڈو) کے موضع کو نانکی میں چاقو گھونپ دیا۔
نریش کی اہلیہ26 سالہ ڈی مادھوری نے اپنے بھائی سرینواس راو اور والد 62سالہ ڈی سبا راؤ کو چہارشنبہ کی شب، شوہر سے اختلاف کے بعد طلب کیا تھا۔
مادھوری، درد شکم کے سبب کام کیلئے زرعی کھیت نہیں جاسکی۔ نریش نے اپنی بیوی سے پوچھا کہ وہ کیوں زرعی کھیت نہیں گئیں۔ اُس نے بتایا کہ درد شکم کی وجہ سے وہ کام پر کھیت نہیں جاسکی۔
اُس نے شوہر سے ہاسپٹل لیجانے پر زور دیا مگر شوہر نے اس کی بات پر توجہ نہیں دی۔ ایک مقامی ڈاکٹر کو گھر پر طلب کرتے ہوئے چہارشنبہ کی شام مادھوری کو انجکشن دیا گیا۔ علاج پر توجہ نہ دینے پر اُس نے شوہر سے لڑائی جھگڑا کیا اور فوری اپنے بھائی اور والد کو آنے کیلئے کہا۔
پولیس نے بتایا کہ مادھوری کے والد اور اس کا بھائی 9:30 بجے شب اس کے گھر آیا بتایا جاتا ہے کہ ان دونوں نے اپنے ساتھ چاقو لے آئے تھے۔
جب شوہر اور بیوی کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کرگیا، اس دوران نریش نے بیوی مادھوری کے گردن کو پکڑلیا۔ اس اثنا میں سرینواس راؤ نے غصہ میں بہنوئی نریش اور ان کے والدین کو چاقو گھونپ دیا جس کے سبب ان کی موت ہوگئی۔
پولیس کے مطابق مادھوری، نریش کی دوسری بیوی ہے اور اس جوڑے کو ایک 6سالہ بیٹا ہے۔ اس جو ڑے کے درمیان گزشتہ ایک سال سے اختلافات تھے، گریجویٹ نریش 15 ایکڑ اراضی کا مالک تھا او ر وہ سود پر قرض بھی دیتا تھا۔
پولیس نے سرینواس راو اور اس کے والد سبا راؤ کی تلاش شروع کردی ہے۔ کیس درج کرتے ہوئے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔