ری-نیٹ: ’پورے اعتماد کے ساتھ امتحان دیجیے‘، نیٹ امتحان سے ایک روز قبل راہل گاندھی نے طلبا کا بڑھایا حوصلہ

راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’حکومت سے امید ہے اس بار نیٹ امتحان بغیر کسی خامی کے ہوگا۔ طلبا پہلے ہی بہت تناؤ برداشت کر چکے ہیں، اب کسی بچے کی امید نہ ٹوٹنے پائے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، ویڈیو گریب</p></div><div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، ویڈیو گریب</p></div>

i

user
google_preferred_badge

20 جون کو منعقد ہونے والے نیٹ کے از سرِ نو امتحان سے عین قبل لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے طلبا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حوصلہ افزا پیغام دیا ہے۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ امتحان میں شریک ہونے والے تمام طلبا کو مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کیں، اور ساتھ ہی مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس بار امتحان کا انعقاد مکمل شفافیت اور بغیر کسی بے ضابطگی کے یقینی بنایا جائے۔

راہل گاندھی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’ری-نیٹ (Re-NEET) دینے والے تمام طلبا کو میری جانب سے بے شمار نیک تمنائیں۔ پورے اعتماد کے ساتھ امتحان دیجیے۔ کچھ بھی ہو، میں ہمیشہ آپ کے ساتھ ہوں اور آپ کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے آواز اٹھاتا رہوں گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے توقع ہے اس بار نیٹ امتحان کسی بھی قسم کی گڑبڑی یا بے ضابطگی کے بغیر منعقد ہوگا۔ ان کے مطابق طلبا پہلے ہی گزشتہ کئی مہینوں سے شدید ذہنی دباؤ اور غیر یقینی صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے اب ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے جس سے کسی طالب علم کی امیدوں کو ٹھیس پہنچے۔

راہل گاندھی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیٹ امتحان سے متعلق تنازعات، پیپر لیک اور امتحان کے نظام کی شفافیت پر اٹھنے والے سوالات نے ملک بھر میں طلبا اور والدین کے درمیان تشویش پیدا کر رکھی ہے۔ امتحان کی منسوخی اور دوبارہ انعقاد کے فیصلہ کے بعد لاکھوں طلبا کو ایک بار پھر امتحان کی تیاری کرنی پڑی، جس کے باعث ان پر اضافی ذہنی اور نفسیاتی دباؤ پڑا۔ کانگریس سمیت مختلف اپوزیشن پارٹیاں مسلسل یہ الزام عائد کرتی رہی ہیں کہ امتحان کے نظام میں خامیوں اور انتظامی کوتاہیوں کا خمیازہ طلبا کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ راہل گاندھی بھی متعدد مواقع پر امتحانات میں شفافیت، جوابدہی اور طلبا کے مستقبل کے تحفظ کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔

ادھر کل ہونے والے ری-نیٹ کے پیش نظر انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے سیکورٹی اور نگرانی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ امتحان کے انعقاد پر کسی قسم کا سوال نہ اٹھ سکے۔ طلبا اور ان کے اہل خانہ کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ امتحان کا عمل پُرامن، منصفانہ اور شفاف انداز میں مکمل ہو اور انہیں اپنی محنت کے مطابق نتائج حاصل ہوں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *