
حیدرآباد: حیدراباد کے راجندر نگر کے ایک فارم ہاؤس میں گھس آنے والے زہریلے سانپ کے بچے سے کھیلنا 30 سالہ فارم ہاؤس مالک نواب سید محی الدین حسینی کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔
اطلاعات کے مطابق نواب نے سانپ کو ہاتھوں سے پکڑ لیا اور کافی دیر تک اسے ہاتھ میں تھامے اپنے دوستوں کو ڈراتے رہے۔ اسی دوران سانپ نے اچانک انہیں ڈس لیا، جس سے ان کی حالت بگڑ گئی۔
اہل خانہ اور دوستوں نے انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی کوشش کی، تاہم زہر جسم میں تیزی سے پھیل جانے کے باعث نواب سید محی الدین حسینی علاج کے دوران تقریباً تین گھنٹوں کے اندر دم توڑ گئے۔
واقعہ کے بعد راجیندر نگر اور اطراف کے علاقوں میں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی افراد کے مطابق نواب سانپ کو پکڑنے کے بعد اسے چھوڑنے کے بجائے اس کے ساتھ کھیل رہے تھے اور دوستوں کے ساتھ ویڈیو بھی بنا رہے تھے، جس کے دوران یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے واقعہ کی تفصیلات جمع کرتے ہوئے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔

