
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عرب نشریاتی ادارے المیادین نے ایران کے ایک اعلی سکیورٹی عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان کہ امریکہ ایران پر اسرائیلی حملوں میں شریک نہیں تھا، حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔
المیادین کے مطابق ایرانی سکیورٹی ذریعے نے کہا کہ واشنگٹن کا یہ موقف دراصل ٹرمپ انتظامیہ کی اس تشویش کا نتیجہ ہے جو ایران کے ممکنہ ردعمل اور اس کے خطے میں موجود امریکی مفادات اور فوجی اڈوں پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے پائی جاتی ہے۔
ایران کے اس اعلی سکیورٹی ذریعے نے مزید کہا کہ ہم پوری قوت اور واضح انداز میں اس بات پر زور دیتے ہیں کہ انفراسٹرکچر کے بدلے انفراسٹرکچر پر حملے کا سابقہ اصول اب بھی برقرار ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ اسرائیلی فوجی ریڈیو نے بھی اس سے قبل بعض ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا تھا کہ ایران کے خلاف حالیہ حملے مکمل طور پر اسرائیل نے خود انجام دیے ہیں۔
تاہم اسرائیلی فوجی ریڈیو نے اس بات کا اعتراف بھی کیا تھا کہ امریکہ نے ایران کی جانب سے مقبوضہ علاقوں کی طرف داغے گئے میزائلوں کو روکنے کی کارروائی میں اسرائیل کی مدد کی ہے۔
