لبنانی فوج کو نشانہ بنانا صہیونی جارحیت کا تسلسل ہے، حزب اللہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے لبنانی فوج کی گاڑیوں پر اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں لبنان کی خودمختاری، عوام اور فوج کے خلاف جاری صہیونی جارحیت کا تسلسل قرار دیا ہے۔

جاری کردہ بیان میں حزب اللہ نے کہا کہ لبنانی فوج کو نشانہ بنانا ایک دانستہ اور مجرمانہ اقدام ہے، جو اسرائیل کی جانب سے لبنان کے خلاف مسلسل حملوں اور خلاف ورزیوں کی کڑی ہے۔

بیان میں یہ موقف بھی اختیار کیا گیا کہ ایسے حملے اس وقت ممکن ہوتے ہیں جب ریاستی سطح پر دشمن کے سامنے کمزوری یا رعایتوں کا تاثر پیدا ہو، جس سے اسرائیل کو مزید جارحانہ اقدامات کا حوصلہ ملتا ہے۔

حزب اللہ نے حملوں میں شہید ہونے والے لبنانی فوجیوں، افسران اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی تحریک قومی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور لبنان کے دفاع میں اس کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

دوسری جانب لبنانی فوج کے مطابق الخالدیہ۔النبطیہ روڈ پر ایک فوجی گاڑی پر اسرائیلی حملے میں متعدد اہلکار شہید ہوئے، جن میں ایک افسر بھی شامل تھا۔ اسی طرح الخردلی۔الجرمق شاہراہ پر ایک اور حملے میں ایک فوجی افسر اور اس کا ڈرائیور شہید ہو گئے۔

یہ حملے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب جنوبی لبنان میں کشیدگی بدستور برقرار ہے اور بین الاقوامی سطح پر جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے مطالبات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *